• سیلاب کے خدشے کے باعث دریائے چناب کنارے آباد بستیوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت

قصور (ویب نیوز)

بھارت نے دریائے راوی کے بعد ستلج میں پانی چھوڑ دیا، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ۔ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 30 سے 36 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر ہے، 10 سے 12 گھنٹے تک ستلج میں 50 ہزار کیوسک سے زائد کا ریلہ گزرے گا، دھوپ سڑی پتن کے مقام پر پانی فصلوں میں داخل ہوگیا جس سے تیار مکئی کی فصل خراب ہو گئی۔ادھر چنیوٹ میں بھی دریائے چناب کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب آیا ہے۔فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے چناب کے مقام سے ایک لاکھ 62 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر ا، سیلابی پانی سے 10 سے زائد دیہات زیر آب آگئے، متاثرہ علاقوں میں موضع سانمبل، پیر کوٹ تاجے کا،ٹھٹہ رحموکا،ٹھٹھہ عمر کے سمیت متعدد دیہات شامل ہیں۔سیلاب کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی مکئی، گنا اور چارے کی فصلیں زیر آب آ گئیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ مختلف علاقوں میں قائم کر دیئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے الرٹ ہیں۔دوسری جانب جھنگ کے مقام پر بھی دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، دریائے چناب کنارے آباد بستیوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔ضلع جھنگ میں 18 مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے، دریائے چناب میں کشتی چلانے اور نہانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ(پی ڈی ایم اے)نے کہا  کہ تمام دریاں، ڈیمز اور نالوں میں پانی کے بہا ئوکی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ دریائوں اور نہروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کے دریائوں میں پانی کا بہائو نارمل ہے، سیلاب کی صورتحال کنٹرول میں ہے، راوی میں خطرے کی صورتحال نہیں، اوورفلو کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔