پاکستان اورچین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے

منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے

اسلا م آباد(ویب  نیوز)

پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے، ایم ایل ون منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث ایم ون منصوبے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اور پاکستان اورچین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے ہیں، جب کہ ذرائع کا کہناہے کہ ایم ایل وین منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرنگرانی منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی گئی، جب کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے منصوبے کی لاگت کم کرنے کے لئے چینی حکام کو قائل کیا۔ذرائع نے بتایا کہ ایم ایل ون منصوبے پر 6 ارب 50 کروڑ ڈالرز لاگت آئے گی، اس سے پہلے یہ لاگت ساڑھے 8 ارب ڈالرز تھی، جسے کم کرکے ساڑھے 6 ارب ڈالرز کیا گیا، پاکستان کی طرف سے منصوبے کی لاگت کم کرنے پر زور دیا گیا تھا، منصوبے کی کل لاگت کا 15 فیصد پاکستان مہیا کرے گا ۔منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور 1733 کلو میٹر ریلوے ٹریک اپ گریڈ اور دو رویہ کیا جائے گا، ریلوے ٹریک کے ساتھ سگنلز اور ٹیلی کام کا جدید ترین نظام نصب کیا جائے گا، جب کہ ٹریک پر ریل 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکے گی، تاہم ابتدائی طور پر ریل گاڑیاں 140 کلومیٹر کی رفتار سے چلائی جائیں گی۔منصوبے میں ٹریک کے گرد باڑ لگانے کا پروگرام مخر کردیا گیا ہے، اور اب صرف آبادی والے علاقوں میں ریلوے ٹریک کے گرد باڑ لگائی جائے گی۔واضح رہے کہ ایکنک نے منصوبے کے پی سی ون کی اگست 2020 میں منظوری دی تھی۔۔