سائفر مقدمہ کچھ لوگوں کو بچانے کے لئے ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

کسی کے ساتھ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی،فوری اور شفاف انتخابات تمام مسائل کا حل ہیں، وکلا ء سے گفتگو

چیئرمین پی ٹی آئی اورشاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا، وکیل سلمان صفدر نے ٹرائل آگے نہ بڑھانے کی درخواست دائر کی

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے، فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کی جائے،درخواست میں موقف

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کوئی اسٹے نہیں دیا ہوا، سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہو رہی ہے، عام شہری موجود نہیں، جج ابوالحسنات ذوالقرنین

راولپنڈی(ویب  نیوز)

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت نے اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہونے کے باعث کارروائی ملتوی کردی۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت پی ٹی آئی وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ ہم نے سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے لہذا جب تک اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ نہیں آجاتا اس وقت تک ہم ایف آئی اے کے چالان کی کاپیاں وصول نہیں کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے ٹرائل آگے نہ بڑھانے کی درخواست دائر کی اور موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے۔ تحریک انصاف کے وکلا نے موقف دیا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک چالان کی کاپیاں ٹرائل کے لیے فراہم نہ کی جائیں، شفاف اور منصفانہ ٹرائل کے لیے ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے، انہوں نے استدعا کی کہ کیس کا ٹرائل اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کی جائے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کوئی اسٹے نہیں دیا ہوا، سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہو رہی ہے، عام شہری موجود نہیں،بعد میں  عدالت نے ملزمان کے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے سائفر کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سائفر مقدمہ کچھ لوگوں کو بچانے کے لئے ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

 چیئرمین  پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سائفر کا مقدمہ کچھ لوگوں کو بچانے کے لیے ہے۔سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے وکلا ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی، فوری اور شفاف انتخابات تمام مسائل کا حل ہیں۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں پہلی سماعت ہوئی۔چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی کمرہ عدالت میں پیش گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے وکلا اڈیالہ جیل میں پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم اور اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباسی بھی سماعت لیے عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس چالان کی نقول کی فراہمی تک سماعت روک دی۔