190 ملین پاونڈز، توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں مسترد

راولپنڈی(  ویب  نیوز)190 ملین پاونڈز ریفرنس اور توشہ خانہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں مسترد ہوگئی ہیں۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاونڈز اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔یاد رہے کہ آج ہی توشہ خانہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی، چارج شیٹ سننے کے بعد ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا تھا۔واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹان لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سیnکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاونڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاونڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاون کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔گزشتہ سال کے اوائل میں سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے منی لانڈرنگ کیس میں عمران اور ان کی اہلیہ پر بحریہ ٹاون کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے 50 ارب روپے اور سینکڑوں کنال اراضی لینے کا الزام لگایا تھا۔انہوں نے الزام لگایا تھا کہ بحریہ ٹاون نے برطانیہ میں پاکستانی شہری کو 50 ارب روپے غیر قانونی طور پر منتقل کیے، رقم منتقلی کی نشاندہی برطانیہ کے نیشنل کرائم ایجنسی نے کی تھی جس نے بعد میں اس وقت کی پی ٹی آئی حکومت کو اس جرم سے آگاہ کیا تھا۔گزشتہ سال یکم دسمبر کو نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ملزمان کو وضاحت دینے اور معلومات فراہم کرنے کے متعدد مواقع فراہم کیے گئے لیکن انہوں نے جان بوجھ کر بد نیتی کے ساتھ کسی نہ کسی بہانے سے معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔مزید برآں، ان کے جوابات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں مذکورہ الزامات کو رد کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے، اس طرح ان سب نے قومی احتساب آرڈیننس کے تحت جرم کا ارتکاب کیا۔اس میں مزید کہا گیا تھا کہ اب تک کی تحقیقاتی کارروائیوں اور نتائج سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ملزمان نے ایک دوسرے کی ملی بھگت سے بدعنوانی کے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے ریاست کے لیے مختص فنڈز کی غیر قانونی منتقلی میں اہم کردار ادا کیا جس کا فائدہ بالآخر ملک ریاض کو ہوا۔ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہزاد اکبر اور اثاثہ ریکوری یونٹ کے سربراہ نے ریاست کے لیے مختص فنڈز کے غیر قانونی ڈیزائن میں اہم کردار ادا کیا۔ریفرنس میں بتایا گیا تھا کہ ملک ریاض نے ریاست کے لیے مختص فنڈز کی منتقلی کے لیے دیگر مدعا علیہان کے ساتھ مدد کی اور سازش میں مکمل تعاون کیا۔اس سلسلے میں بتایا گیا تھا کہ بشری بی بی اور فرحت شہزادی نے بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا جبکہ فرحت شہزادی عمران خان اور ان کی اہلیہ کے لیے فرنٹ ویمن کا کردار ادا کرتی تھیں۔ریفرنس میں کہا گیا کہ 8 مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی کرنا منصفانہ اور مناسب ہے کیونکہ ریفرنس کو درست ثابت کرنے کے لیے کافی مجرمانہ شواہد دستیاب ہیں۔عدالت میں استدعا کی گئی تھی کہ آٹھوں ملزمان پر مقدمہ چلایا جائے اور عدالت یا کسی اور جس کو ریفرنس سونپا گیا ہو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔بعد ازاں 6 جنوری کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاونڈز کے القادر ٹرسٹ ریفرنس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض سمیت ریفرنس کے چھ شریک ملزمان کو اشتہاری اور مفرور مجرم قرار دے دیا۔ ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ایک ماہ قبل شروع کی گئی تھی جس میں ان کے وارنٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔۔