بھارتی جارحیت کی وجہ سے مستقبل کے تنازعات میں جوہری خطرات میں اضافہ ہوا ہے، بلاول بھٹو زرداری

 پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور تسلی بخش جواب دیا

مستقبل میں کسی بھی اقدام کا جواب دینے کے حوالے سے پاکستان کے پاس بہت کم وقت ہوگا ، بلوم برگ کو انٹرویو

واشنگٹن ( ویب  نیوز)

چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی  اور سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے مستقبل کے تنازعات میں  جوہری خطرات میں اضافہ ہوا ہے،  امریکی ذرائع ابلاغ کے معروف ادارے  بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی اقدامات کی وجہ سے حالات کی غیر یقینی میں اضافہ ہوا ہے ،بلاول بھٹو زرداری نے  پاکستان اور بھارت کے مابین  جامع بات چیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں کسی بھی اقدام کا جواب دینے کے حوالے سے پاکستان کے پاس بہت کم وقت ہوگا حالیہ تنازعہ کے دوران ہندوستان کی جانب سے جوہری صلاحیت کے حامل میزائل کے استعمال نے صورتحال کو مزید نازک بنا دیا ہے انہوں نے کہاکہ حالیہ پاک بھارت  تصادم   دونوں ملکوں کے درمیان  کئی دہائیوں میں  کشیدگی کی بدترین صورتحال تھی جو پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہوئی اس سوال کہ جنگ بندی کے باوجود بھارتی وزیرِ اعظم کی جانب سے بھارتی اقدام کو "نیو نارمل ” کہا گیا کے جواب میں بلاول نے کہاکہ ہم اس نیو نارمل کو ابنارمل کہتے ہیں  جسے بھارتی قیادت خطے پر مسلط کرنا چاہ رہی ہے، بھارتی قیادت  کے نیو نارمل کیمطابق   بغیرکسی شواہد اور ثبوت دوسرے ملک پر حملہ اور خطے کو  جنگ کی طرف دھکیلا جا سکتا  ہے اس نظریے کے مطابق پاکستان سے جنگ چھیڑنے کے لئے کسی ثبوت یا شواہد کی نہیں بلکہ محض ایک  الزام کافی ہوگا، بلاول نے کہاکہ ہمارا نقطہ نظر یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت جامع مذاکراتی عمل میں شامل ہوں،انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور تسلی بخش جواب دیا انہوں نے جنگ بندی کے حوالے سے امریکی قیادت کے کردار کو سراہا انہوںنے کہا کہ ددنوں ملکوں کے درمیان  امن کے حوالے سے سعودی عرب اہم کردار ادا کر سکتا ہے