ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہےاحتساب اور شفافیت کیلئے آزاد صحافت ناگزیر ہے، آزادی صحافت کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

سپر (عالمی یوم آزادی صحافت) سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں ( صدر وزیراعظم )

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غیر ذمہ دارانہ استعمال تشویشناک ہے، پاکستان صحافت کی آزادی کے لیے پُرعزم ہے، آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے، آزاد میڈیا قوم کی مضبوطی کی علامت ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری

پاکستان اختلاف رائے سے کشیدگی کے دیرپا حل تک مکالمے اور مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے، سفارتی میدان میں پاکستان کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کی بحالی کیلئے مثبت کردار ادا کر رہا ہے، شہباز شریف

احتساب اور شفافیت کیلئے آزاد صحافت ناگزیر ہے، آزادی صحافت کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر ) آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور  وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیرمستند خبروں کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کا فرض ہے۔

اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ پروپیگنڈہ، فیک نیوز، غیرمستند خبروں کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کا فرض ہے، عصر حاضر میں امن و امان کا ماحول محض سفارت کاری سے حاصل نہیں ہوتا، مستند معلومات، ذمہ دارانہ صحافت امن و امان میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اختلاف رائے سے کشیدگی کے دیرپا حل تک مکالمے اور مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے، سفارتی میدان میں پاکستان کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کی بحالی کیلئے مثبت کردار ادا کر رہا ہے، قومی میڈیا نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی ایک اہم ذمہ داری ادا کی۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ میڈیا نے قومی یکجہتی اور پاکستان کے مؤقف کو وضاحت اور تحمل کے ساتھ پیش کیا، میڈیا نے عوام کو آگاہ رکھا اور غلط معلومات کا تدارک کیا، معرکہ حق میں ذمہ دار میڈیا بخوبی شامل تھا، تمام صحافی برادری کا کردار لائق تحسین تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ملکی و عالمی رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جعلی خبروں اور منظم گمراہ کن مہمات کا پھیلاؤ قومی ہم آہنگی اورعالمی ساکھ کیلئے حقیقی خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے صحافیوں اپیل کی کہ تصدیق، دیانت اور پیشہ ورانہ معیارکی اعلیٰ ترین اقدار کو برقرار رکھیں، میڈیا کے برق رفتار ڈیجیٹل دور میں بھی مسابقت سچائی کی قیمت پر نہ ہو، آزادیِ صحافت کے تحفظ، فروغ اورسازگار ماحول کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، مشترکہ تجدید عزم کریں کہ صحافتی آزادی کے تحفظ میں حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں، صحافت کا کردار کلیدی ہے، ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہے، صحافیوں کو دنیا بھر میں ہراسانی اور دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غیر ذمہ دارانہ استعمال تشویشناک ہے، پاکستان صحافت کی آزادی کے لیے پُرعزم ہے، آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے، آزاد میڈیا قوم کی مضبوطی کی علامت ہے، احتساب اور شفافیت کے لیے آزاد صحافت ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رفتار کے بجائے درستی کو ترجیح دی جانی چاہیے، پاکستان کے خلاف منظم جھوٹی مہمات جاری ہیں، قومی اتحاد سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے گئے، میڈیا نے جھوٹ کا جواب حقائق سے دیا، معتبر معلوماتی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، صحافیوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنایا جائے، میڈیا کو اعلیٰ اخلاقی معیار برقرار رکھنا ہوگا، عوام جھوٹ کو مسترد کریں اور سچ کا ساتھ دیں، مضبوط معلوماتی نظام امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔