سوشل میڈیا کو ذمہ داری سے استعمال کریں، پی ٹی اے نے موبائل فون صارفین کو خبردار کردیا

توہین رسالت، اسلام و ریاست مخالف، فحش مواد اور جھوٹی خبریں شیٔر کرنا جرم ہے

اسلام آباد (ویب  نیوز)

پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شیٔرنگ سے متعلق موبائل فون صارفین کو خبردار کردیا۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کو صارفین ذمہ داری سے استعمال کریں، توہین رسالت، اسلام و ریاست مخالف، فحش مواد اور جھوٹی خبریں شیٔر کرنا جرم ہے۔ صارفین ہر قسم کے غیرقانونی مواد کو سوشل میڈیا پر شیٔر کرنے سے گریز کریں۔ موبائل فون صارفین ایسے مواد کی اطلاع پی ٹی اے اور این سی سی آئی اے کو دیں۔ اس سے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں غیر ملکی سموں کے استعمال کے حوالے سے ایک اہم اور ہنگامی عوامی آگاہی الرٹ جاری کیا تھا۔ پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر ملکی سموں کا استعمال غیر قانونی اور ممنوع ہے، اور یہ شہریوں کے لیے شدید قسم کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں حکام نے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ ایسی غیر ملکی سموں سے کی جانے والی کالوں اور پیغامات کے نتیجے میں صارفین کی انتہائی حساس ذاتی اور مالی معلومات غیرمحفوظ ہو سکتی ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا تھا کہ ان سموں کا استعمال نہ صرف ڈیٹا ہیکنگ اور مالیاتی فراڈ کا خطرہ بڑھاتا ہے بلکہ یہ صارفین کے لیے سنگین قانونی پیچیدگیوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔