خیبرپختونخوا کے سرکاری ادارے تنخواہیں ، پینشن دینے کے قابل نہیں،سپریم کورٹ
آئی ایم ایف سے قرضے لے کر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں دینا خطرناک ہے ،چیف جسٹس گلزار احمد
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے صوبہ ڈائریکٹ فنڈز نہیں لے سکتا ہے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا کی معیشت کو جو نقصان ہورہا ہے اس کی سب سے بڑی وجہ اسمگلنگ ہے، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی
عدالت نے فارسٹ گارڈ فضل مختار کی پینشن ادائیگی سے متعلق اپیل مسترد کر دی
اسلام آباد(ویب نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری ادارے تنخواہیں اور پینشن دینے کے قابل نہیں۔منگل کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے ملازم فضل مختار کی پینشن ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ عدالت نے فارسٹ گارڈ فضل مختار کی پینشن ادائیگی سے متعلق اپیل مسترد کر دی۔وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ 1989 میں پروجیکٹ پر فارسٹ گارڈ بھرتی ہوا اور 1994 میں فارغ کیا گیا اور اسی وقت فریش اپوائمنٹ کی گئی، اب پینشن کی ادائیگی کے دوران میری چار سالہ سروس کائونٹ نہیں کی گئی۔دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا قاسم ودود سے کہا کہ خیبرپختونخواکے سرکاری ادارے تنخواہیں اور پینشن دینے کے قابل نہیں ہیں، صوبے میں سرکاری اداروں میں لوگوں کو ملازمتوں پر لگا کر بھر دیا گیا ہے، آپ کی حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرضے لے رہی ہے، یہ طریقہ خطرناک ہے کہ قرضہ لیکر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں، کیا خیبرپختونخوامیں سرکاری نوکری کے علاوہ روزگار کیلئے دوسرا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخو ا قاسم ودود نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے صوبہ ڈائریکٹ فنڈز نہیں لے سکتا ہے۔جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی معیشت کو جو نقصان ہورہا ہے اس کی سب سے بڑی وجہ اسمگلنگ ہے، خیبر پختونخوا میں انڈسٹری کو بڑھانے کیلئے اسمگلنگ روکنا ہوگا، کے پی کے میں اسمگلنگ میں ملوث ایلیمنٹس کو ختم کرنے کیلئے موثر اقدامات ضروری ہیں۔