اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک مالیاتی مشیر مقرر
اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ نے اے ڈی بی کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز معاہدے کی منظوری دے دی، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نجی شعبے کے اہل آپریٹر کو طویل المدتی رعایتی معاہدے کے تحت آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
اعلامیے میں نجکاری کمیشن بورڈ نے بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ شفاف اور مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے کی جائے گی، امید ہے کہ اے ڈی بی کی معاونت سے آؤٹ سورسنگ کا عمل تیزی اور شفافیت سے مکمل ہوگا۔
نجکاری کمیشن نے مزید کہا کہ آؤٹ سورسنگ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری آئے گی، ہوائی اڈے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ نے بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی کو تین سال کیلیے بیرونی آڈیٹر مقرر کرنے کی منظوری دے دی، بیرونی آڈیٹرز کی تقرری مالی سال 26-2025 سے 28-2027 تک کے آڈٹ کیلیے کی گئی ہے، کمیشن نے نجکاری پروگرام میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلیے شفافیت اور اعلیٰ کارکردگی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






