پشاور میں جے یو آئی سیکرٹریٹ پر آپریشن کا خدشہ، انصار الاسلام نے سیکیورٹی سنبھال لی، کامران مرتضیٰ کا کارکنوں کو محتاط رہنے کا پیغام
جے یو آئی کو ایک اور 9 مئی میں پھنسانے کی سازش ہو رہی ہے، کامران مرتضیٰ

پشاور (بیورو چیف )

پشاور میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی سیکرٹریٹ مفتی محمود مرکز کے ممکنہ طور پر آپریشن کی زد میں آنے کی اطلاعات کے بعد تنظیم انصار الاسلام کے رضاکاروں نے مرکز کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے، دوسری جانب جے یو آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پارٹی کارکنوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جے یو آئی کو اشتعال دلا کر ایک اور 9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جے یو آئی کو جذباتی کرکے ایک اور 9 مئی کی سازش تیار کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول طریقہ واردات پی ٹی آئی کی طرح جے یو آئی کو بھی کچلنے کا ہے، اس لیے ساتھی محتاط رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پاکستان اور اس کے دستور کے اندر رہ کر سیاست کرتی ہے، اس لیے تمام معاملات آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہی اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کارکنوں کو بھی اسی دائرے میں رہنے کی تلقین کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے رنگ روڈ پر واقع جے یو آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ مفتی محمود مرکز کے اطراف تجاوزات کے خلاف کارروائی اور اضافی تعمیرات کی ممکنہ مسماری کی اطلاعات کے بعد پارٹی کی صوبائی قیادت نے مرکز کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں کے حوالے کردی ہے۔ رپورٹس کے مطابق انصار الاسلام کے رضاکاروں نے مرکز کے گرد حصار قائم کرلیا ہے، جبکہ جے یو آئی کے رہنما بھی وہاں موجود رہنے لگے ہیں تاکہ آپریشن کے دوران کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور رنگ روڈ پر بھی متعدد تعمیرات مسمار کی جاچکی ہیں۔ مفتی محمود مرکز کا سامنے والا حصہ بھی مبینہ تجاوزات کی زد میں آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکز کے اطراف نشانات لگائے گئے، تاہم رپورٹ کے مطابق مفتی محمود مرکز پر نشانات نہیں لگائے گئے۔ اس کے باوجود مرکز کے بعض حصوں کی ممکنہ مسماری کی اطلاعات کے بعد جے یو آئی کی صوبائی قیادت نے سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا۔