کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید گرفتار

العدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید   گرفتار  
 سی ٹی ڈی نے لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے حافظ سعید کو گرفتار  کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا 
حافظ سعیدگوجرانوالہ میں درج مقدمات میں ضمانت کے لیے جارہے تھے کہ سی ٹی ڈی نے انہیں رستے سے گرفتار کرلیا

  لاہور،گوجرانوالہ (صباح نیوز)محکمہ انسداد دہشت گردی( سی ٹی ڈی )نے کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو   گرفتار کر لیا  ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق    کہ حافظ محمد سعید لاہور سے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ سی ٹی ڈی نے ان کو  گرفتار کر کے  نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ،حافظ سعید کی گرفتاری کی ان کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔حافظ سعید لاہور میں درج دو مقدمات میں 3 اگست تک ضمانت پر رہا تھے اور گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں ضمانت کے لیے جارہے تھے کہ سی ٹی ڈی نے انہیں رستے سے گرفتار کرلیا۔حکومت کی جانب سے جماعت الدعو اور فلاح انسانیت فانڈیشن پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ یکم جولائی کو حافظ سعید اور ان کے دیگر 6 ساتھیوں کے خلاف لشکر طیبہ کا سربراہ ہونے اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ ان پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کے الزامات ہیں۔ماہِ رواں میں حافظ سعید نے اپنے خلاف درج مقدمات پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔حافظ سعید سمیت 7درخواست گزاروں نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں وفاق، پنجاب حکومت اور ریجنل ہیڈ کوارٹرز سی ٹی ڈی کو فریق بنایا گیا تھا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ یکم جولائی کو حکومت نے حافظ سعید پر لشکر طیبہ کا سربراہ ہونے کا بے بنیاد الزام لگایا اور مقدمہ درج کیا، حافظ سعید کا القاعدہ یا دوسری کسی ایسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ بھارتی لابی کا حافظ سعید پر ممبئی حملوں سے متعلق بیان بھی حقائق کے منافی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت حافظ سعید اور دیگر کے خلاف مقدمات کالعدم قرار دے۔ادھر لاہور ہائی کورٹ نے بھی جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کی اپنے خلاف درج مقدمات کے خلاف یہ درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی تھی۔حافظ سعید کی درخواست پر سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور پر مشتمل 2 رکنی بنچ کو مقرر کیا گیا تھا۔
 

Editor

Next Post

شہباز شریف خاندان کے 150بنک اکاونٹس منجمد کردئے گئے

جمعہ جولائی 19 , 2019
شہباز شریف خاندان کے 150بنک اکاونٹس منجمد کردئے گئے منجمد کیے جانے والے اکاونٹس میں شہبازشریف سمیت انکے بیٹے حمزہ اورسلمان شہباز کے اکاونٹس شامل اسلام آباد(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب)کے حکم پر شہبازشریف خاندان کے مختلف بنکوں میں لگ بھگ ڈیڑھ سو بنک اکاونٹس منجمد کردیئے گئے۔  منجمد کیے […]