اسلام آباد(صباح نیوز)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث بے روزگاروں کے لیے پورٹل کا اجراء کررہے ہیں، ویب پورٹل پر کورونا کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے خود کو رجسٹر کر سکیں گے، احساس کیشن پروگرام بہترین منصوبہ ہے پروگرام کے تحت تین ہفتے  میں 81 ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا ریلیف فنڈ کے ویب پورٹل کے آغاز  پر تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ احساس کیش پروگرام کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، احساس کیشن پروگرام بہترین منصوبہ ہے، لاک ڈائون کے باعث بیروزگار افراد کی مشکلات سے آگاہ ہیں کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے والوں کا شکر گزار ہوں عطیات کی رقم جہاں خرچ ہو رہی ہے اس کی شفافیت یقینی بنائی ہے۔عطیات دینے والے دیکھ سکیں گے کہ رقم کہاں خرچ ہو رہی ہے، عطیات کی رقوم شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچائی جائیں گی۔مستحقین میں تقسیم کی جانے والے رقوم کا آڈٹ کیا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ اس فنڈ میں دیے جانے والے عطیات میں 4گنا عطیات حکومت خود شامل کرے گی تاکہ ان فنڈز کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جاسکے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم تعمیراتی صنعت کو پوری طرح کھول رہے ہیں اور انہیں مراعات بھی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک بھی دوبارہ کاروباری زندگی کی طرف گامزن ہیں،  نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا لیکن وہاں بھی صنعتیں کھولی جارہی ہیں جتنی زیادہ صنعتیں کھلی گیں اتنا زیادہ روزگار ملے گا۔لاک ڈائون کے منفی اثرات معیشت کو متاثر کررہے ہیں ،تعمیراتی شعبے کے لیے بھی خصوصی پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی کی ہے خطے میں سب سے کم پٹرولیم کی قیمتیں پاکستان میں ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی آنی چاہیے، صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ دیگر مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں کوشش کررہے ہیں کہ صنعتی شعبے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس ایسے افراد کے نام ویب سائٹ پر رجسٹر کروائیں جو بیروزگار ہوئے، رجسٹر بے روزگار افراد کو 12 ہزار روپے امداد دی جائے گی، ٹائیگر فورس ہر ضلع میں اپنا ڈیسک بنائے اور بے روزگارلوگوں  کو رجسٹرکرے۔ٹائیگر فورس بیروزگار لوگوں کی مدد کے لیے آگے آئے۔وزیراعظم نے کہا کہ رقوم کی تقسیم شفاف طریقے سے کی جائے گی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر امدادی رقوم کی تقسیم نہیں ہوگی امداد رقوم کی تقسیم کا عمل شفافیت اور میرٹ پر ہوگا۔وزیراعظم کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کا طریقہ کار بیان کیا۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ پروگرام ان افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جو کورونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں اور وہ حکومت کے پورٹل پر رجسٹر ہوسکتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ صرف اسی ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آپ کا شناختی کارڈ اور موبائل فارم مانگا جائے گا، اس کے بعد کوڈ داخل کریں جس سے وائرس سے بچائو کے لیے تصدیق کی جائے گی اور نادرا سے منسلک فارم کھلے گا جس میں تنخواہ اور پیشے کی تفصیلات پوچھی جائیں گی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ فارم میں ذاتی کاروبار اور ملازمت سے متعلق، کمپنی، ٹھیکیدار یا آجر کا نام پوچھا جائے گا، جس کے بعد ضلع یا تحصیل کا نام درج کرنا ہوگا۔بعدازاں ثانیہ نشتر نے فارم میں موجود تصدیق نامہ پڑھ کر سنایا اور بتایا کہ یہ پورٹل 2سے 3ہفتے تک درخواستوں کے لیے کھلا ہے۔ان کے بعد وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے کہا کہ ہم نے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 30روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 42روپے کمی کی ہے۔وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے چھوٹے کاروباروں کی مدد کے لیے حکومت کی جانب سے ریلیف کے اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔حماد اظہر نے کہا کے حکومت 5سے 70کے وی بجلی ماہانہ استعمال کرنے والے افراد کے 3ماہ کا بجلی کا بل ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دیگر اقدامات میں شرح سود میں کمی اور تعمیراتی شعبے کے لیے غیر معمولی مراعات شامل ہیں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چھوٹے کاروباروں کے لیے بلا سود قرضے کی اسکیم بھی لائے گی۔