اسلام آباد (خصو صی رپورٹر)وفاقی وزارت مذہبی امور نے مجوزہ اسلام آباد مندر کے قیام لیے حکومتی فنڈ کے سوال پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کر لی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا حکومت سرکاری فنڈ سے غیر مسلموں کی عبادت گاہ تعمیر کر سکتی ہے یا نہیں؟
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے فوری طور پر کونسل کے شعبہ تحقیق کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سوال پر جلد از جلد اپنی رائے تشکیل دے تاکہ معاملے کو کونسل کی اعلیٰ باڈی کے آئندہ اجلاس کے سامنے پیش کیا جاسکے، جو ستمبر کے اوائل میں متوقع ہے۔
کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے علماء اور دینی طبقات کے ماہرین سے درخواست کی ہے کہ وہ اب اس اہم قومی اور دینی مسئلے پر احتجاج کی بجائے کونسل کی رہنمائی کریں۔