اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے75 ویں اجلاس میں جس طرح ترک صدر رجب طیب اردگان نے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی جانب سے مسلسل واضح اور دو ٹوک موقف اپنانے پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں جس طرح ترک صدر رجب طیب اردگان نے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ کا علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیر خارجہ کی طرف سے ترک وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی گئی۔