لاہور (ویب ڈیسک)

نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام

 ایل ڈی اے نے 10ارب روپے کی لاگت سے چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری دے دی

وزیر اعظم کے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کی طرف پہلا قدم’ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے تقریبا ً 10ارب روپے کی لاگت سے ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چار ہزار رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔تمام ایسے شہری جنہیں نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور بینک مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کریں اپارٹمنٹس خریدنے کے اہل ہوں گے۔ یہ اپارٹمنٹ موضع ہلوکی میں 563کنال اراضی پر ایک سال میں تعمیر کئے جائیں گے۔چار منزلہ اپارٹمنٹس کے125بلاک تعمیر کئے جائیں گے اور بلاک32رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ یہاں متعدد مساجد بھی تعمیر کی جائیں گی۔ ایل ڈی اے 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرے گا ‘ اس مقصد کے لئے مختص کی جانے والی ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر سڑکیں ، واٹر سپلائی و سیوریج سسٹم ، فٹ پاتھ ، واٹر ٹریٹمنٹ پلاٹ اور دیگر انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کے لئے تقریباً20ارب روپے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی۔ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا ساتواںاجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے شرکاء کوایجنڈا کے بارے میں بریفنگ دی۔   اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ کے لئے مقرر کئے جانے والے فنانشل کنسلٹنٹ اسلم ملک اینڈ کمپنی کی طرف سے ان اپارٹمنٹس کی تعمیر کو قابل عمل منصوبہ بنانے کے لئے پیش کئے جانے والے فنانشل ماڈل کی بھی منظوری دی گئی اور اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی قومی بینکوں کی طرف سے مارگیج فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کو صرف 10فیصد ڈائون پے منٹ کرنا ہوگی جبکہ 80فیصد لاگت بینکوں کی طرف سے  ایسکرو(ESCRO)اکائونٹ میں منتقل کی جائے گی ـگورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا ‘ قصور سے ملک مختار احمد ‘شیخوپورہ سے عمرآفتاب ڈھلوں ‘ ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود،میجر ریٹائرڈ سید برہان علی، انجینئر عامر ریاض قریشی،ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور ہائوسنگ، بلدیات فنانس ،پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہورکے نمائندوں نے شرکت کی.