کورونا وائرس ،ملک بھر میں مزید58افراد جاں بحق

اموات 8361 تک پہنچ گئیں،3308 نئے کیسز رپورٹ

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان   بھر میں مہلک عالمی وباء کوروناوائرس کے مزید 58مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میںکوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد8361 تک پہنچ گئی۔ کوروناوائرس کے3308 نئے کیسز رپورٹ ہوئے  ، 2436مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی)کی جانب سے اتوار کے روز کوروناوائرس کے حوالہ سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کوروناوائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کوروناوائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعدا دچار لاکھ 16ہزار499تک پہنچ گئی جن میں سے 3لاکھ 55ہزار12مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ملک میںکوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور یہ تعداد53126تک پہنچ گئی۔ صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 82 ہزار 473 کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب میں 1 لاکھ 22 ہزار 955 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 49 ہزار 220، بلوچستان میں 17 ہزار 440 جبکہ آزاد جموں کشمیر میں 7 ہزار 278 افراد وبا میں مبتلا ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 ہزار 719 اور اسلام آباد میں 32 ہزار414 بتائی گئی۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 57 لاکھ 54 ہزار 986 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں سے 41 ہزار 645 کورونا ٹیسٹ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کیے گئے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 162 افراد جان کی بازی ہار چکے ۔ سندھ میں 3 ہزار 11، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 404، اسلام آباد میں 340، گلگت بلتستان میں 98، بلوچستان میں 169 اور آزاد کشمیر میں 177 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.16 فیصد ہوگئی۔ کراچی کورونا مثبت کیسز کی شرح میں پہلے نمبر پر آگیاجہاں20.12 فیصد ہے۔ حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی۔ ایبٹ آباد میں 14.53، آزاد کشمیر میں 11.09 فیصد، بلوچستان میں 12.5، گلگت بلتستان میں 4.7، اسلام آباد 6.6، خیبر پختونخوا 5.6 اور  سندھ میں 14.1 فیصد تک ہوگئی ۔پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.2 ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 5.69، راولپنڈی میں 4.95، فیصل آباد 6.81 فیصد ہوگئی۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 9.17، سوات میں 7.32، کوئٹہ میں 9.91 اور میرپور میں مثبت کیسز کی شرح کم ہوکر 10.57 فیصد تک آگئی۔