یہ حکومت اپنا خطرہ خود بتا رہی ہے،تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، مریم نواز

اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کرے گی۔اسلام آباد میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی لیکن نواز شریف کا خیال ہم غیر جمہوری فورسز کا عمل دخل جمہوری عمل میں نہ ہو اور ہماری جدوجہد یہی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘نواز شریف نے پہلے دن کہا تھا کہ عمران خان تو صرف ایک مہرہ ہے اور ہماری جدوجہد اس بات پر ہے کہ سیاست میں غیرجمہوری فورسز کی مداخلت ختم ہو’۔حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم کو پیپلزپارٹی کے لیے خطرہ قرار دینے کے موقف پر انہوں نے کہا کہ ‘یہ حکومت اپنا خطرہ خود بتا رہی ہے اور ان کا دم ہر خواہش پر نکل رہا ہے لیکن ان کی خواہش پوری نہیں ہوگی’۔مریم نواز نے صحافی کے سوال پر کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں غیرجمہوری قوتوں کا سیاست میں عمل دخل نہ ہو۔لیگی نائب صدر سے سوال کیا گیا کہ 31 جنوری کی ڈیڈ لائن قریب آرہی ہے مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی؟ اس پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگرحکومت کو فرق نہیں پڑ رہا تو 7 سال سے بند فارن فنڈنگ کیس کیسے کھل گیا؟انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڈ لائن کے بعد پی ڈی ایم قیادت سرجوڑ کربیٹھے گی اور آئندہ کے فیصلے کرے گی، اگرحکومت کو فرق نہیں پڑرہا تو فارن فنڈنگ کیس سالوں سے کیوں لٹکایا ہوا ہے؟