اپوزیشن کو براڈ شیٹ تحقیقات کیلئے افتخار چوہدری اور ملک قیوم چاہئے،فواد چوہدری

 جسٹس (ر)عظمت سعید کو براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ بنانا درست فیصلہ ہے

جدید دنیا کسی مولوی سیاستدان نے نہیں بنائی بلکہ مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے بنائی

آلومٹرگاجر فروخت کر کے ترقی نہیں کی جاسکتی، بارانی یونیورسٹی میں ہائیڈرو بائیونک تقریب سے خطاب

راولپنڈی(ویب  نیوز)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس (ر)عظمت سعید کو براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ بنانا درست فیصلہ ہے، لیکن اپوزیشن کو براڈ شیٹ کی تحقیقات کے لئے افتخار چوہدری اور ملک قیوم چاہئے،عظمت سعیدا نتہائی شفاف اور معتبر ججز میں سے ایک ہیں۔ بارانی یونیورسٹی میں ہائیڈرو بائیونک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بجلی کیوں مہنگی کرنا پڑی اس کا سبب نواز شریف کی حکمت عملی ہے، دس ہزار میگا واٹ بجلی جس کی ضرورت نہیں تھی اس کامعاہدہ نواز شریف نے کیا، بجلی بنے نہ بنے ہمیں پیسے دینا ہیں، 42 فیصد بجلی کے کارخانے باہر سے آنے والے فیول پر ہیں، انڈے فیڈ کی بنا پر مہنگے ہوئے، گھی اور چینی کی قیمت کی ہم نے رپورٹ لیں، ہر سال اربوں کی دالیں ،خوردنی تیل باہر سے منگواتے ہیں یہ مہنگائی کی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز جب جلسوں پر نکلتی ہیں مہنگے ترین ڈیزائنر کے کپڑے پہنتی ہیں، 10،10 کروڑ کی گاڑیاں ان کے ساتھ ہوتی ہیں، نوازشریف لندن میں شاپنگ کرتے ہیں، وہ بتائیں کہ شریف خاندان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں، ہمارا  موقف ہے کہ جو پاکستان کے لوگوں کا پیسہ ہے وہ واپس کردیں اور جہاں مرضی ہے جائیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں چائنہ اور بھارت نے کورونا ویکسین بنا لی آپ نہ بنا پائے، اگر 70 کی دہائی کی طرح کام کرتے تو ویکسین کے لیے باہر نہ دیکھتے، جے ایف تھنڈر کے 60 فیصد، الخالد ٹینک کے 65 فیصد پرزے ہم خود بناتے ہیں مگر اپنا فون نہیں بنا سکے، آج آلومٹرگاجر فروخت کر کے ترقی نہیں کی جاسکتی، سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی، جدید زراعت و مشینری کی ضرورت ہے، جدید دنیا کسی مولوی سیاست دان نے نہیں بنائی بلکہ مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے بنائی، دنیا کو سائنسدان نے آگے لے کر جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر)عظمت سعید کو براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ بنانا درست فیصلہ ہے، وہ انتہائی شفاف اور معتبر ججز میں سے ایک ہیں، انکوائری کمیٹی میں کوئی سرکاری وزیر شامل نہیںلیکن اپوزیشن کو افتخار چوہدری اور ملک قیوم چاہیے۔ اپوزیشن سینٹ الیکشن میں بھی اوپن بیلٹ کا موقع گنوا رہی ہے، الیکشن کا شیڈول کسی بھی وقت آسکتا ہے اس کا ٹائم ہوگیا ہے۔