سینیٹ انتخابات میں جمہوریت کی فتح ہوگی۔شاہد خاقان عباسی

اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ ہوئے تو 3 مارچ کوپر امید فیصلہ ہوگا

26 مارچ کو لانگ مارچ کی تیاری شروع کردی گئی ہے

سابق وزیراعظم کا انٹرویو

اسلام آباد(ویب  نیوز)سابق وزیراعظم و ن لیگ کے رہنماشاہد خاقان عباسی  نے کہا ہے کہ 26 مارچ کی  لانگ مارچ  کی تیاری جاری ہے ،سینیٹ انتخابات میں  اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ ہوئے توفتح  جمہوریت کی ہوگی ۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ الیکشن لڑنا ہمارا حق ہے۔ ہر ووٹر کے پاس جاکر ووٹ مانگیں  گے، فیصلہ 3 مارچ کوہوجائے گا۔ہم سمجھتے ہیں جوبھی رزلٹ آئے جمہوریت کی فتح ہوگی ۔اگر اسٹیبلشمنٹ ملوث نہ ہوئی اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ ہوئے جو ماضی میں ہوتے رہے ہیں تو پھر جمہوریت کی فتح ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ میں اس الیکشن کو عدم اعتماد سے نہیں جوڑتا۔ پہلے ہمیں 163 ممبران نے ووٹ دیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی جب وزیراعظم بنے تو اپوزیشن نے بھی ووٹ دیا تھا ۔پاکستان کی تاریخ میں اتفاق رائے سے بننے والے وہ واحد وزیراعظم تھے۔ آج وہ سینیٹ کے امیدوار ہیں ۔ہمیں پوری امید  ہے کہ وہ کامیاب ہوں گے۔ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں ہم سمیت کچھ جماعتوں کی خواہش تھی کہ یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے الیکشن لڑیں ۔میں نے بلاول بھٹو کو بھی یہ مشورہ دیا تھاکہ یوسف رضا گیلانی مضبوط امیدوارہیں ۔ حکومتی ممبران اپنی حکومت سے خوش نہیں ہے۔ اس وقت حکومتی بنچوں میں حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ناراضگی ہے وہ یقیناً بہت بڑا المیہ ہوگی۔حکومت کام کررہی ہوتی اور مضبوط ہوتی  توپھر ایم این ایز بھی سوچتے ۔26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کردیا گیا ہے جس کیلئے ورکرز تیاری کررہے ہیں۔