سینیٹ الیکشن ،قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ شفیق آرائیں،وسرا ووٹ فیصل واوڈا نے کاسٹ کیا
سندھ اسمبلی میں بھی سینیٹ الیکشن کے لیے سب سے پہلا ووٹ میر شبیر بجارانی نے کاسٹ کیا
پولنگ کے دوران موبائل اندر لے جانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا گیا،سکیورٹی انتظامات سخت

اسلام آباد(ویب  نیوز)سینیٹ انتخابات کیلئے  قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ پی ٹی آئی کے میاں شفیق آرائیں اور دوسرا ووٹ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کاسٹ کیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے  قومی اسمبلی میں صبح نو بجے پولنگ کا عمل شروع ہو ا تو پہلا ووٹ پی ٹی آئی کے میاں شفیق آرائیں اور دوسرا ووٹ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کاسٹ کیا۔ سندھ اسمبلی میں بھی سینیٹ الیکشن کے لیے  سب سے پہلا ووٹ میر شبیر بجارانی نے کاسٹ کیا۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے پہلا ووٹ جے یو آئی(ف)کے رکن ہدایت الرحمان نے کاسٹ کیا۔بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے پہلا ووٹ صوبائی وزیر آبپاشی نوابزادہ طارق مگسی نے کاسٹ کیا۔پولنگ کے دوران قومی اسمبلی میں اراکین کے موبائل اندر لے جانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا گیا، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبدالقادر پٹیل اور سکیورٹی عملے کے درمیان تکرار بھی ہوئی، عبدالقادر پٹیل نے تکرار کے بعد اپنا موبائل فون جمع کرادیا اور کہا کہ اگر حکومتی رکن میں سے کوئی موبائل فون اندر لکایا تو ذمہ دار سکیورٹی عملہ ہوگا۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔