سینیٹ الیکشن ،وزیراعظم عمران خان ،شہباز شریف نے ووٹ کاسٹ کردیا
عمران خان کے ایوان میں آنے پر حکومتی اراکین کی جانب سے ڈیسک بجائے گئے،نعرے بازی
ایوان میں پیپلز پارٹی کی جانب سے جئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے،ریٹرننگ افسر کی تنبیہہ

اسلام آباد(ویب  نیوز)وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا،حکومتی اراکین اور پیپلز پارٹی کی جانب سے نعرے بازی کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے ایوان میں آنے پر حکومتی اراکین کی جانب سے ڈیسک بجائے گئے۔ حکومتی اراکین کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی۔ریٹرننگ افسر کی جانب سے مسلسل منع کرنے کے باوجود اراکین نعرے لگاتے رہے۔ ایوان میں پیپلز پارٹی کی جانب سے جئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے۔ریٹرننگ افسر کی جانب سے مسلسل تنبیہہ کے باوجود دونوں جانب سے اراکین نعرے بازی کرتے رہے۔الیکشن کمیشن حکام نے نعرے لگانے سے منع کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ اگر اب نعرے لگائے گئے تو ایکشن لیا جائے گا۔ووٹ ڈالنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کا نام پکارا گیا جس کے بعد انہوں نے ریٹرننگ افسر کے پاس جاکر اپنے ووٹ کا اندراج کیا اور ووٹ کاسٹ کرکے ایوان سے چلے گئے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ایوان میں حفیظ شیخ اور دیگر حکومتی وزرا سے غیر رسمی ملاقات بھی کی،عمران خان نے حکومتی اراکین کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان سمیت کئی اراکین نے ماسک نہیں پہنا تھا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔