Pakistan and India flag together realtions textile cloth fabric texture

 

اسلام آباد(ویب  نیوز) ترجمان دفتر خارجہ اہد حفیظ چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان کا بھارت سے کوویڈ19 ویکسین کے بارے میں معاہدہ نہیں، پاکستان کو ویکسین گاوی الائنس فراہم کرے گا بھارت نہیں،پاکستان نے  بھارت سے مذاکرات سے کبھی راہ فرار اختیار نہیں کی،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید ایک نوجوان کو شہید کردیا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں کے انسانی و بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں  اور کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتا ہے، اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے، یورپی پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ اٹھایا، ذیلی کمیٹی نے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی، ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں اور مدیران کی گرفتاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں سانس لینے کی بھی آزادی نہیں ہے ۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی زیادتیوں کا نوٹس لے،ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، ہاٹ لائن اور فلیگ میٹنگ کے رابطے معمول کے ہوتے رہتے ہیں ، بات چیت کا مقصد ایل اوسی اور ورکنگ بانڈری پر مسائل کا حل ہے، پاکستان نے کبھی مذاکرات سے راہ فرار اختیار نہیں کی، بھارت اپنی سیکیورٹی ضرورت سے زائد ہتھیار خرید رہا ہے، بھارت کی طرف سے ہتھیاروں کا حصول خطے میں طاقت کے توازن کو خراب کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا بھارت سے کوویڈ19 ویکسین کے بارے میں معاہدہ نہیں، پاکستان کو ویکسین گاوی الائنس فراہم کرے گا بھارت نہیں، زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل کے لیے ممالک آپس میں رابطے میں ہیں۔  افغانستان مسئلہ کا کوئی عسکری حل نہیں ہے، پاکستان سمجھتا ہے افغان فریقین آپس کے مذاکرات سے ہی مسئلہ کاحل تلاش کر سکتے ہیں، امریکا کی کوششوں کو سراہتے ہیں، پاکستان ریجنل کوششوں کے ساتھ ہے۔ افغانستان میں اسپائلرز سے بچنا ہوگا جو نہیں چاہتے کہ وہاں امن آئے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرنل (ر) حبیب زاہد کی نیپال میں گمشدگی میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ سامنے آیا ہے، نیپالی تحقیقات کے مطابق بھارتی باشندے کرنل حبیب زاہد کو لاپتہ کرنے میں ملوث ہیں، بھارت سے باربار رابطہ کرنے پر بھی کوئی مثبت جواب نہیں ملا، عالمی برادری کرنل (ر)حبیب زاہد کو بازیاب کرانے میں تعاون کرے، حبیب زاہد کا اغوا جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان اپنے شہری کی بازیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے 14ویں اقتصادی تعاون تنظیم سمٹ میں شرکت کی، وزیراعظم عمران خان نے ٹرانس افغانستان ٹرین منصوبے کو سراہا اور اہمیت پر روشنی ڈالی، اس منصوبے سے پاکستان، افغانستان اور ازبکستان باہم منسلک ہوں گے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کا میلوو نے 9 اور 10مارچ کو پاکستان کا دورہ کیا، ازبک وزیر خارجہ نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے مذاکرات کیے، ازبک وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔انہوں  نے مزید کہا کہ ازبک وزیرخارجہ نے وزیراعظم کو جنوبی وسطی ایشیائی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، ازبک وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی سے وفود کی سطح پر مذاکرات کیے، ازبک وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں مقیم یورپی سفیروں کے اجلاس کی صدارت کی اور سیکریٹری خارجہ نے آسیان کے سربراہان سے ملاقات کی،۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ  ازبک صدرنے وزیر اعظم عمران خان کو تاشقند میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کیلئے پیغام بھیجاہے۔