کشمیر میں محاصرے اور تلاشی مہم کے دوران ایک کشمیری نوجوان شہید
محاصرے اور کریک ڈاون کے دوران ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا ہے
شمالی قصبہ سوپور میں دستی بم حملہ ، دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، قصبے کا محاصرہ

سری نگر(ویب نیوز ) بھارتی فوج نے اتوار کو جنوبی کشمیر میں محاصرے اور تلاشی مہم کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج نے گزشتہ روز شوپیان کے ایک مضافاتی گائوںراولپورہ اور اسکے ملحقہ علاقوں کا  محاصرہ کر لیا تھا۔ دوران محاصرہ ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا  ہے ۔ کے پی آئی  کے مطابق ضلع شوپیاں میں انٹر نیٹ سروس منقطع کردی گئی ہے جبکہ  فوجی آپریشن جاری ہے ۔ بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ  علاقے  میں  حریت  پسندوں کی ایک کمین گاہ بھی تباہ کر دی گئی ہے ۔شمالی قصبہ سوپور میں گزشتہ روز نا معلوم افراد نے پولیس پوسٹ پر دستی بم سے حملہ کیاجس کے نتیجے میں 2ایس پی اووز زخمی ہوئے۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے ۔ ادھر  ضلع پلوامہ  کے گاوںگنا پورہ آڑچھ کا محاصرہ کیا گیا اور گائوں کی ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشیاں لیں گئیں۔کئی گھنٹوں تک آپریشن جاری رہا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی پولیس نے شوپیان میں 7نوجوانوں  کو گرفتار کیا تھا۔ادھرپنگلنہ،ورون،پاری گام اوررہمو پلوامہ کے علاقوں میں تلاشیاں لی گئیں۔جنوبی ضلع کولگام کے یاری پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران ڈرون کیمروں کا استعمال عمل میں لاکر گھر گھر تلاشیاں لی گئیں۔

مقبوضہ کشمیر میں9 حریت پسند نو جوانوں کو مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے  ان نوجوانوں میں سری نگر کے وسیم قدیر میر،شاہد خورشید،عرفان احمد صوفی ،بلال احمد بٹ،اورثاقب منظور ڈار بھی شامل ہیں۔کے پی آئی  کے مطابق  پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ان نوجوانوں کو پکڑنے میں مدد دینے والے کو انعام دیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر پولیس نے پولیس نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا جس میں مطلوب ترین افراد کے نام جاری کیے گئے ۔