24 آزاد ارکان کی وابستگی سے باقاعدہ چیئرمین سینٹ کو آگاہی
مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے12 ارکان نے بھی رسمی کارروائی پوری کردی
اپوزیشن لیڈر کے امیدواروں سے حمایتی ارکان کے دستخطوں سے درخواست طلب

اسلام آباد(ویب  نیوز)سینٹ کے 24 آزاد ارکان نے اپنی وابستگی کے بارے میں باقاعدہ طور پر چیئرمین سینٹ کو آگاہ کر دیا۔رسمی کارروائی کو پورا کرتے ہوئے 12 ارکان نے مسلم لیگ(ن) سے اپنی وابستگی کی تحریری اطلاع بھی دے دی ہے ۔اپوزیشن لیڈر کے امیدواروں سے حامی سینیٹرز کے دستخطوں درخواست طلب کی گئی ہیں ۔آزاد ارکان کے لیے و ابستگی ظاہر کرنے کا مقررہ وقت ختم ہو گیا ہے ۔ضابطہ کار کے مطابق چیئرمین سینٹ نے 12 مارچ کو ایوان بالا کے آزاد ارکان کو ہدایت کی تھی کہ وہ حکومت اپوزیشن یا آزاد حیثیت سے جس میں شامل ہونا چاہیںایک ہفتے میں تحریری طور پر آگاہ کر دیں۔کسی رکن کی درخواست نہ آنے پر اسے آزاد تصور کیا جائے گا۔24آزاد ارکان نے اپنی وابستگی کے بارے میں سینٹ سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔آئندہ ہفتے سینٹ کی طرف سے باقاعدہ طور پر پارٹی پوزیشن کی تفصیلات جاری کر دی جائیں گی جبکہ 27 مارچ تک اپوزیشن لیڈر کی تقرری بھی ہونا ہے۔اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں میں تاحال اس معاملے پر اختلافات برقرار ہیں۔ ضابطہ کارکے مطابق ایوان بالا میں اپوزیشن ارکان کی اکثریت کی حمایت جس رکن کو حاصل ہوگی اسے اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا جائے گا تاہم اپوزیشن لیڈر کے امیدوار کو اس بارے میں تحریری طور پر ارکان کی مطلوبہ تعداد کے بارے میں سینٹ کو آگاہی دینا ہے۔