غزہ  (ویب ڈیسک)

سعودی عرب میں قید حماس کے بزرگ رہنما ڈاکٹر محمد الخضری کی حالت تشویشناک ہے ۔ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب میں قید جماعت کے سرکردہ ر ہنما ڈاکٹر محمد الخضری کو بنیادی انسانی حقوق اور طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا جس کے نتیجے میں ان کی زندگی تشویشناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 83 سالہ الخضری سعودی جیل میں قید کیے جانے کے بعد کئی نئی طبی پیچیدگیوں کا شکار ہوئے ہیں۔ وہ کینسر کے مرض کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ امراض قلب کا بھی شکار ہیں۔ حماس ترجمان نے کہاکہ ڈاکٹر الخضری دائمی امراض کا شکار ہیں اور انہیں جیل میں معاشی دشواریوں اور صحت کے بدترین مسایل کا سامنا ہے۔ انہیں بنیادی انسانی حقوق اور طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ۔ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر الخضری پر کسی جرم کے ارتکاب کا الزام عائد نہیں کیا گیا اور اس کے باوجود انہیں مسلسل پابند سلاسل رکھا گیا ۔ حماس کے ترجمان نے ڈاکٹر الخضری، ان کے بیٹے ھانی الخضری اور دیگر فلسطینی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔