کشمیر بینک نے 1590ریاستی ملازمین کوسال 2020میں آسان شرائط پر 945ملین روپے کے قرضہ جات فراہم کئے
ایڈوانس سیلری سکیم کے تحت قرضہ جات کی رقم 10لاکھ روپے سے بڑھا کر20لاکھ روپے کر دی گئی
نمایاں کارکردگی دکھانے والے منیجرز کو انعامات اور ایوارڈز دیئے گئے،لگن اور محنت سے بینک کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے عملے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، صدر بینک خاور سعید کا اعلان
مظفر آباد(ویب نیوز )بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی طرف سے سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین کے لئے متعارف کی گئی ایڈوانس سیلری سکیم کے تحت سال2020کے دوران ریاست کے1590سرکاری ملازمین کوآسان شرائط پر 945ملین روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔ اس طرح 31دسمبر2020تک 4156ملازمین ایڈوانس سیلری سکیم سے مستفید ہوئے اور ان کو 1432ملین روپے فراہم کئے گئے۔ گزشتہ روز بینک کے ہیڈ آفس میں صدر بینک جناب خاور سعید کی زیر سربراہی منعقدہ ایک تقریب کے دوران سال2020کے دوران اس سکیم کو کامیاب بنانے اور نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے برانچ منیجرز اور زونل چیف میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے اور انہیں تعریفی اسناد دیں گئیں۔ اس موقع پر صدر بینک نے کہا کہ بینک کی طرٖف سے سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین کے لئے سال2020کے دوران ایڈوانس سیلری سکیم کے تحت آسان شرائط پر قرضہ جات کی رقم 10لاکھ روپے سے بڑھا کر20لاکھ روپے کر دی گئی تا کہ ریاستی ملازمین اس سے مستفید ہوکر اپنامعیار زندگی بہتر بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عملے کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈز اور انعامات دیئے جائیں گے تاکہ وہ مزید لگن اور محنت سے بینک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔