مقبوضہ بیت المقدس  (ویب ڈیسک)

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کریک ڈائون کے دوران تین روز میں 80 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا ۔فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ تین روز کے دوران مسجد اقصیٰ کے اطراف، باب العامود اور بیت المقدس کے دوسرے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہریوں پر وحشیانہ تشدد کیا اور 80 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد عقوبت خانوں میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اسیران اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر ریاض الاشقر نے بتایا کہ بیت المقدس میں تین روز سے سخت کشیدگی اور خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ ایک انتہا پسند یہودی گروپ ”لاھاوا”کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر حملوں اور مسجد اقصیٰ پر دھاوئوں کا سلسلہ بڑھا دیا ۔ باب العامود، باب الساھرہ، المصرارہ، الشیخ جراح کالونی اور دوسرے مقامات پر اسرائیلی روزانہ کی بنیاد پر فلسطینی نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوانوں پر تشدد کے دوران ان کی ہڈیاں توڑ دیں اور کئی افراد کو جسم کے بالائی حصوں پرگہری چوٹیں آئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں میں عارضہ قلب کے شکار 17 بچے اور متعدد معذور بچے ہیں۔