ناصر حسین شاہ کی وزیراعظم کی مدینہ منورہ آمد کے موقع پر جوتے اتارنے کے عمل کی تعریف

کراچی(ویب  نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سندھ کے وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر ان کی مدینہ منورہ آمد کے موقع پر جوتے اتارنے کے عمل کی تعریف کی گئی ہے ، اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اتوار کواپنے پیغام میں سید ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ ننگے پاؤں مقدس سرزمین پر حاضری دینا ایک اعزاز ہے ۔ ہم تو مانگتے ہی اسی در سے ہیں اور یہی در ہمارے لیے مسلسل رحمتوں کا ذریعہ ہے ، زندگی اگر سو دفعہ بھی یہ اعزاز بخشے تو میں در خاتم النبین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر ہمیشہ ننگے پاؤں حاضری دوں ، یہ عمل قابل تعریف ہے۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز وزیراعظم عمران خان روضہ رسولۖ پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ پہنچے ، وزیراعظم نے مدینہ منورہ کی مقدس دھرتی پر پاؤں رکھنے سے پہلے اپنا جوتا اتار دیا ، تاہم جرابیں پہنے رکھیں ، خاتون اول بشریٰ بی بی بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھیں۔