کراچی:اسٹاک مارکیٹ میں تین روزہ تیزی کے بعد مندی غالب

کے ایس ای100انڈیکس 21.56پوائنٹس کی کمی سے 46790.75پوائنٹس کی سطح پر آگیا

کراچی(صباح نیوز)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کواتار چڑھائو کے بعد مندی غالب آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 21.56پوائنٹس کی کمی سے 46790.75پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ55.78 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو30ارب 79کروڑ66لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا،تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری سرگرمیاں عروج پر رہیں اور ایک اور ریکارڈ قائم کرتے ہوئے کاروباری حجم2ارب 22کروڑ56ہزار کی سطح عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا جو کسی بھی ایک ٹریڈنگ سیشن میں ملکی تاریخ کا ریکارڈ کاروباری حجم ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے آغازسے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی خریداری میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی جس کے باعث تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس47ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 47206پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا،تاہم بعد ازاں منافع حاصل کرنے کی عرض سے حصص کی فروخت کا رجحان بڑھ گیا جس کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ انڈیکس46686پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں46700کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کا رجحان غالب آگیااور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس21.56پوائنٹس کی کمی سے46790.75پوائنٹس پر بند ہواجب کہ 10.63پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 19137.48پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرا نڈیکس119.29پوائنٹس کے اضافے سے31463.37پوائنٹس کی سطح پرآگیا ۔گزشتہ روزمجموعی طور پر432کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میںسے173کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ241میں کمی اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت80کھرب97ارب49کروڑ37لاکھ روپے سے گھٹ کر80کھرب66ارب69کروڑ71لاکھ روپے ہو گئی۔جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم2ارب 22کروڑ56ہزارشیئرز رہا جو ملکی تاریخ کی کسی بھی ایک ٹریڈنگ سیشن میں سب سے زیادہ کاروباری حجم ہے، بدھ کوکاروباری حجم ایک ارب 56کروڑ33لاکھ 60ہزار شیئرز تھا جو ریکارڈ کاروباری حجم تھا لیکن ایک روز بعد ہی یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔قیمتوں میں اتار چڑھاوکے اعتبار سے کولگیٹ پامولو کے حصص 36.99روپے کے اضافے سے2850روپے اورگیٹرون انڈسٹریز33.52روپے کے اضافے سے480.56روپے ہوگئی جب کہ یونی لیور فوڈز983روپے کی کمی سے15616روپے اورپاک ٹوبیکو71.86روپے کی کمی سے1263.14روپے ہوگئی۔