بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 53ویں اجلاس میں بینک کے سال2020کے ریکارڈز وحسابات منطور
بینک کے صدر/چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے بورڈ کوکارکردگی کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔
بینک کی15سالہ تاریخ میں سال 2020 کے دوران کورونا کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ
سال 2020 میں بینک کا منافع125فیصد اضافے کے ساتھ301ملین روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
اثاثہ جات کی مالیت بڑھ کر 16.9ارب روپے، ترسیلات زر(ہوم ریمیٹنسز) بڑھ کر 2.86ارب روپے ہو گئے،ترسیلات زر میں 231فیصد اضافہ ہوا، 1621ملازمین کوایڈوانس سیلری کی مد میں 832ملین روپے کی خطیر رقم فراہم کی گئی
ریکارڈ منافع کمانے، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں قابل قدر اضافہ کو قابل تعریف قرار دیا گیا
اسلام آباد( ویب نیوز ) بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ روز یہاں منعقد ہونے والے اپنے 53ویں اجلاس میں بینک کے سال2020کے ریکارڈز وحسابات کا جائزہ لینے کے بعد ان کی منطور ی دے دی۔اجلاس کے آغاز پر بینک کے صدر/چیف ایگزیکٹو آفیسر
جناب خاور سعید نے بورڈ کوکارکردگی کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔ بورڈ نے سال 2020 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ منافع کمانے، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں قابل قدر اضافہ کو قابل تعریف قرار دیا۔اعداد و شمار کے مطابق:
• سال 2020 میں بینک کا منافع125فیصد اضافے کے ساتھ301ملین روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔جو کہ بینک کی 15سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے جب کہ سال 2019میں بینک کا منافع کم ہو کر 134ملین روپے رہ گیا تھا۔
•سال 2019میں بینک کے کل ڈیپازٹس 11.87ارب روپے تھے۔جوسال2020 میں بڑھ کر 13.70ارب روپے تک پہنچ گئے جو کہ بینک کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ ہیں۔
• سال 2020میں بینک کے ترسیلات زر(ہوم ریمیٹنسز) میں 231فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 2.86ارب روپے ہو گئے۔ترسیلات زر میں اضافہ بینک کی ابتداء سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔اس سے قبل 2019میں بینک کے ترسیلات زر صرف 863ملین روپے تھے۔
•سال 2019میں بینک کے فی حصص کی قدر70پیسہ تھی جو سال2020 میں بڑھ کر 1.29روپے ہو گئی۔
31•دسمبر 2020تک بینک کی طرف سے2.44ارب روپے کے قرضہ جات صارفین کو فراہم کئے گئے۔ سال2020میں 1621ملازمین کوایڈوانس سیلری کی مد میں 832ملین روپے کی خطیر رقم فراہم کی گئی۔ یہا ں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست کے سرکاری اور خود مختار اداروں کے ملازمین کے لئے ایڈوانس سیلری قرض کی حد 10لاکھ سے بڑھا کر 20لاکھ روپے کر دی گئی۔
•سال2020میں بینک کے کل اثاثہ جات کی مالیت بڑھ کر 16.9ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اس موقع پر صدر بینک نے بورڈ آف ڈائریکٹرزسمیت معزز صارفین کے تعاون وسرپرستی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بینک پیشہ ورانہ انداز میں صارفین کو بہترین بینکاری خدمات کی فراہمی کے اپنے نصب العین پر کاربند رہے گااورریاست کا یہ واحد مالیاتی ادارہ حکومتی سرپرستی میں دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی منازل طے کرے گا۔