گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی براہ راست وزیراعظم آفس سے کی جائے گی

وزیر اعظم کا گوادر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

گوادر (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی سے بلوچستان سمیت پورے ملک کو فائدہ ہوگا ، سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کررہے ہیںعلاقے میں گیس پانی و بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے فاٹا بلوچستان سمیت ملک کے پسماندہ  علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے تحریک انصاف کی حکومت کوشاں ہے ۔ پاکستان کو عظیم مملکت بنانا میرا خواب ہے انشاء اللہ یہ خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ گوادر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان کی ترقی پر کسی نے توجہ نہیں دی جس سے یہ صوبہ دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا۔ ترقی کی راہ میں کئی علاقے پیچھے رہ گئے ۔ بلوچستان ان میں سے ایک ہے بلوچستان  میں انفراسٹرکچر سمیت بہت سی بنیادی ضروریات کا فقدان رہا ۔ گوادر منصوبے  بلوچستان کے عوام کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے۔ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر سے گوادر براہ راست دنیا سے منسلک ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ60 کی دہائی میں  ہم ترقی کارول ماڈل تھے ۔ 60 کی دہائی  میں پاکستان ایشیاء میں بہت تیزی سے ترقی کررہا تھا  پاکستان ہمسایہ ممالک کیلئے رول ماڈل تھا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو عظیم مملکت  بنانا میرا خواب ہے بہت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ گوادر پاکستان کا فوکل پوائنٹ بنے گا جس سے بلوچستان ترقی کرے گا ۔ ملک کو معاشی طورپر خودمختار بنانے کیلئے برآمدات بڑھانے  پر توجہ دینا ہوگی۔ ماضی میں برآمدات  کے فروغ پر توجہ نہیں دی گئی جس سے بار بار آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑا۔ وزیراعظم نے کہاکہ گوادر میں پانی بجلی اور گیس جیسے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کی جارہے ہیں ۔ بلوچستان کی ترقی کیلئے وفاق اورصوبائی حکومتوں کے مابین  بہتر ہم آہنگی  ہے۔ گوادر میں 500بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بھی زیر تعمیر ہے۔ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کے لئے بہت بڑا پیکج دیا ہے 730 ارب روپے کا پیکیج پاکستان کی تاریخ میں کبھی بھی بلوچستان کو نہیں ملا۔ ہماری کوشش ہے کہ ترقی کے عمل میں ملک کے تمام علاقوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ احساس پروگرام کے تحت بھی بلوچستان کے عوام کیلئے کئی منصوبے جاری ہیں۔ بلوچستان بڑا علاقہ ہے اس کی ترقی کیلئے روڈ انفراسٹرکچر  پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے کم لاگت مکانات کی تعمیر کیلئے آسان قرضے دے رہے ہیں۔ بلوچستان کے مچھیروں کی فلاح و بہبود سمیت ماہی گیری کی جدید سہولتیں بھی فراہم کریں گے۔ گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی براہ راست وزیراعظم آفس سے کی جائے گی۔ ہمیں اپنے جغرافیائی محل وقوع اور ابھرتی ہوئی عالمی معاشی طاقت چین کے ساتھ دوستی سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن ہو پوری کوشش ہے کہ افغانستان کو خانہ جنگی سے بچایا جاسکے۔ افغانستان میں سیاسی حل تک پہنچنے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیں۔