ایف پی سی سی آئی اور و یتنام کادوطرفہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات بڑھانے پر اتفاق
پاکستان کو ویتنام کے 38ممالک کیساتھ آزاد تجارتی معاہدوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے’ ویتنامی سفیر
پاکستان اور ویتنام کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے ‘ قربان علی’ مرزا عبدالرحمن

اسلام آباد(ویب نیوز  )فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)اور ویتنام کادوطرفہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم اور معاشی تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق ۔پاکستان ویتنام کے ٹیکسٹائل ، چمڑے ، دواسازی ، پھل ، سبزیوں ، آئی ٹی انڈسٹری ، کھیلوں کے سامان ، بینکنگ ، فش فارمنگ ، اور انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور زراعت ویلیو چین میں ویتنام کو برآمدات بڑھانے کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ، پاکستان میں ویتنام کے سفیر نگیوین ٹین فونگ نے یہ بات منگل کے روز وفاقی ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے کیپٹل آفس اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس اسلام آباد حاجی قربان علی اور کوآرڈینیٹرمرزا عبدالرحمان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ویتنامی سفیر نے کہا کہ ویتنام نے تجارتی لبرلائزیشن کو فروغ دینے اور تجارتی حجم میں اضافے کے لئے 38 ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کیا ہے۔پاکستان اور ویتنام ترجیحی تجارت کے معاہدے پر بھی بات چیت کر رہے ہیں ، جو دو طرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لئے دونوں فریقوں کے مابین ایف ٹی اے کی طرف جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویتنام نے بیرونی دنیا کے ساتھ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی انضمام پر توجہ دی ہے اور امکانی عالمی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور بہت بڑی صلاحیت کا منصوبہ ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے 62 ارب ڈالر کے میگا پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا بہت بڑا موقع ہے۔دریں اثنا دونوں فریقین نے مستقبل قریب میں کاروبار اور صنعت میں مضبوط باہمی تعلقات پر اتفاق کیاگیا۔ویتنام کے سفیر نے ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کو اپنے ملک کا دورہ کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ مختلف شعبوں کے کاروباری وفود کے تبادلے سے پاکستان اور ویتنام دونوں کے مابین تجارتی اور صنعت کے تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مستقبل قریب میں پاکستان اور ویتنام کے مابین سیاحت ، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت توانائی ، سیاحت و دیگر مختلف شعبوں میں باہمی طور پر طویل مدتی منصوبوں پر بھی اتفاق کیا۔ویتنام کے سفیر نے مزید کہا کہ یتنام پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ویتنام کے سفیر نگیوین ٹین فونگ نے مزید کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بھی دونوں ممالک مل کر کام کرسکتے ہیں۔ پاکستان کی فارماسیوٹیکلز مصنوعات اور کالی مرچ سمیت متعدد مصنوعات کی ویتنام میں بہتر مانگ پائی جاتی ہے۔ پاکستان اور ویتنام کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے خاص طور پر سرمایہ کاری اور تجارت کے لحاظ سے آئی ٹی،سافٹ ویئر صنعت، زراعت،ثقافت وتعلیم قابل ذکر ہیں۔ دونوں ملکوں کے تجارتی حکام نے باہمی تجارت میں اضافے کے لیے چند سالوں کے دوران کئی اقدامات عمل میں لائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قربان علی اور کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن نے کہا کہ ویتنام کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، پاکستان دوطرفہ اور کثیرالجہتی باہمی روابط کے تمام شعبوں میں ویتنام کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کاروبار دوست ماحول میں ویتنام کی کاروباری برادری کیلئے بے حد مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاحت کا شعبہ بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے، گلگت بلتستان ، خیبرپختونخواویتنامی سیاحوں کے لیے پرکشش سیاحتی مقام ہو سکتے ہیں۔ ویتنام کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک منصوبے سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی اور کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی مرزا عبدالرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،ویتنامی سرمایہ کار سی پیک ‘ ہائیڈرو پاور، سیاحت، مائنز اینڈ منرل، جیمز سٹون، زراعت سمیت تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور منافع کما سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اعلی سطح پر دوطرفہ سیاسی اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت ہے، امیدہے کہ نامزد سفیر ویتنام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی۔آخر میںچیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قربان علی اور کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن نے ویتنام کے سفیر ویتنام کے سفیر نگیوین ٹین فونگ کو ایف پی سی سی آئی کی روایتی شیلڈ پیش کی ۔