تاجر برادری عامر علی احمد کی بطور مستقل چیئرمین سی ڈی اے تقرری کا خیر مقدم کرتی ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
امید ہے چیئرمین سی ڈی اے چیمبر کو اعتمادمیں لے کر بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کریں گے۔ میاں اکرم فرید
تاجروصنعتکار برادری کی فلاح وبہبود کیلئے سی ڈی اے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ عامر علی احمد
اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں ایک وفد نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور بطور مستقل چیئرمین سی ڈی اے تقرری پر عامر علی احمد کو مبارک باد پیش کی۔ چیمبر کی سنیئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، چیئرمین فاؤنڈر گروپ میاں اکرم فرید، چیمبر کی سی ڈی اے کمیٹی کے کنوینر عبدالرؤف عالم، طارق صادق، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، شکیل منیر، رانا قیصر شہزاد، جاوید اقبال، عمیس خٹک اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد عامر علی احمد کی زیر قیادت سی ڈی اے کافی فعال ہوئی ہے جس وجہ سے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں سمیت شہر میں سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں کی مرمت، نالوں کی صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی کام ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عامر علی احمد کی بطور مستقل چیئرمین سی ڈی اے تقرری کا تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے کیونکہ انہیں امید ہے کہ ان کی زیر قیادت سی ڈی اے ان کے مسائل کو جلد حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا یہ پہلا موقع ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے نے صدر آئی سی سی آئی کے ہمراہ اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا ان میں ترقیاتی کاموں کی ضرورت کا جائزہ لیا جائے۔ ان دوروں کے بعد سی ڈی اے نے اجاگر کردہ مسائل کو حل کیلئے کوششیں تیز کی ہیں جو قابل تعریف ہے۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے اب بھی کچھ مسائل چیئرمین سی ڈی اے کی فوری توجہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہ خاص طور پر سی ڈی اے کو کمرشل اور انڈسٹریل پلاٹوں کی لیز کی تجدیدنو کے عمل کو آسان اور سہل بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سلسلے میں سی ڈی اے کو موجودہ طریقہ کافی مشکل ہے جس سے بزنس کمیونٹی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیز کی تجدید نو کے طریقہ کار کو آسان بنانے سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لئے سی ڈی اے ملٹی سٹوری پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے کیونکہ یہ مسئلہ کافی عرصے سے توجہ طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل اور انڈسٹریل بلڈنگز کی تکمیل کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل کو بھی مزید آسان بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو چائیے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے موجودہ صدر کو سی ڈی اے بورڈمیں شامل کرے تاکہ چیمبر پالیسی سازی کے عمل میں تاجروں کی آواز کی مؤثر انداز میں نما ئندگی کر سکے جس سے ان کے مسائل بہتر طور پرحل ہون گے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سنیئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان،چیئرمین فاؤنڈر گروپ میاں اکرم فرید، چیمبر کی سی ڈی اے کمیٹی کے کنوینر عبدالرؤف عالم اور وفد کے دیگر ممبران نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے کا بطور مستقل چیئرمین مقرر ہونے پر عامر علی احمد کو مبارک باد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عامر علی احمد چیمبر کو اعتماد میں لے کر بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے امیر علی احمد نے مبارک باد پیش کرنے کیلئے سی ڈی اے کا دورہ کرنے پر چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے لہذا سی ڈی اے ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور انڈسٹریل ایریاز میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سی ڈی اے کے ساتھ تعاون کیا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ وفاقی دارالحکومت کی تاجروصنعتکار برادری کی فلاح و بہبود کے لئے آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔