کراچی (ویب ڈیسک)

نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ (این آئی ٹی ایل) نے 30جون 2021کو ختم ہونے والی مدت کے لیے اپنے زیر انتظام فنڈز کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اس موقع پر این آئی ٹی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر عدنان آفریدی نے کہا کہ کرونا کی وباء کے معاشی اثرات کے باوجود این آئی ٹی کے زیر انتظام بیشتر فندز نے مسابقانہ منافع دیا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی ایل کے بورڈ کی رہنمائی میں لیے گئے بروقت فیصلوں کی بدولت یونٹ ہولڈرز کے لیے شرح منافع میں اضافہ کا سلسلہ برقرار رہا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی نے گزشتہ سال ایسٹ ایلوکیشن فنڈ (NIT-AAF) اور پاکستان کا پہلا ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ (NIT-PGETF)  متعارف کرائے جوسرمایہ کاروںکی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ این آئی ٹی سوشل امپیکٹ فنڈ(NIT – SIF) اور این آئی ٹی اسلامک منی مارکیٹ فنڈ  (NIT-IMMF)متعارف کرانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ این آئی ٹی سوشل امپیکٹ فنڈ ایک اوپن اینڈ مائکرو فنانس سیکٹر فنڈ ہے جو امپیکٹ انویسٹرز کومائکرو فنانس سیکٹر سے بہتر مالیاتی ریٹرنز حاصل کرنے کے ساتھ پائیدار سماجی اثرات مرتب کرنے کے لیے حصہ ڈالنے میں مدد فراہم کرے گا۔ عدنان آفریدی نے کہا کہ 2020-21میں این آئی ٹی ایل نے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں پاکرا اور وی آئی ایس  سےAM1ریٹنگ  حاصل کی جو ایسٹ منجمنٹ کمپنیوں کے لیے سب سے بلند ریٹنگ ہے۔ عدنان آفریدی نے امید ظاہر کی کہ این آئی ٹی ایل کی انتظامیہ کو پورٹ فولیوز کا موثر طریقے سے انتظام جاری رکھنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد حاصل رہے گا۔کرونا کی وباء کے اثرات اور معاشی چیلنجز کے باوجود این آئی ٹی نے ڈیوڈنڈ کی ادائیگی کا اپنا 58سال کا ٹریک ریکارڈ برقرار رکھا اور این آئی (یو) ٹی فنڈ کے یونٹ ہولڈرز کو 1.61روپے کا نقد ڈیوڈنڈ دینے کا اعلان کیا جو گزشتہ سال 1.29روپے رہا تھا۔مالی سال 2020-21کے  دوران 12عبوری ادائیگیوں کے ذریعے این آئی ٹی منی مارکیٹ فنڈ کے یونٹ ہولڈرز میں 0.6905روپے کا نقد ڈیوڈنڈ ادا کرچکا ہے۔ زیر تبصرہ سال کے دوران فنڈ نے 6.80فیصد سالانہ منافع دیا جو بینچ مارک ریٹرن 6.70فیصد کے  مقابلے میں 0.10فیصد زیادہ رہا۔ مالی سال 2020-21 کے دوران این آئی ٹی منی مارکیٹ فنڈ کی خالص اثاثہ قدر بھی تقریباً 155فیصد اضافہ کے بعد 30جون 2021کو  12ارب 30کروڑ20لاکھ روپے کی سطح پر آگئی جو 30جون 2020کو 4ارب 82کروڑ 40لاکھ روپے ریکارڈکی گئی تھی۔