گزشتہ مالی سال میں 58 ارب روپے ٹیکس وصولی کی گئی ، چیف کمشنر ایف بی آر

فیصل آباد (ویب ڈیسک)

چیف کمشنر ایف بی آر محمود حسین جعفری نے دعویٰ کیاہے کہ گزشتہ مالی سال میں 58 ارب روپے ٹیکس وصولی کی گئی ہے ۔ماضی کی نسبت ٹیکس وصولی میں 25 فیصد اضافہ ہواہے جبکہ  ایک سال میں سیلز ٹیکس کے 42 ارب روپے ریفنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی کارکردگی بہت اچھی جا رہی ہے ۔ملکی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔اس سال کا بڑا ہدف ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا ہے ۔انکم ٹیکس گوشوارہ بھی بروقت اپ لوڈ کر دیا گیا ہے ۔گوشواروں کی تعداد میں اضافے کے  لئے موبائل گوشوارہ بھی جمع کروایا جا سکے گا۔اُنہوں نے کہاکہ 6 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ اور کاروبار سے 4 لاکھ آمدن والے افراد کو گوشوارہ جمع کروانا ہو گا ۔ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گوشواروں کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں ہو گی ۔ریٹرن جمع نہ کروانے والوں کو 1 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ پرچون فروشوں کی بڑی تعدد غیر رجسٹرڈ ہے سیلز ٹیکس تصدیق کے لئے پی او ایس سسٹم پر فوکس کیا جا ریا ہے ۔ اس سسٹم پہ نہ آنے والوں کو 10 لاکھ روپے جرمانہ اور قید بھی ہو سکتی ہے۔فیصل اباد میں 845 یونٹس کو سستی بجلی اور گیس دی جا رہی ہے ۔کچھ کارخانوں نے ریلیف کا غلط استعمال کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ۔ٹیکس چوری کرنے پر گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں ۔ٹیکس تنازعات کو حل کرنے کے لئے اے ڈی آر سی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ان کمیٹیوں میں ایف بی آر اور تاجر نمائندے شامل ہیں۔ اے ڈی آر سی کے کیسز میں ٹیکس گزاروں کو 200 ملین روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ۔گزشتہ سال میں جعلی ریفنڈز کے کیسز بھی سامنے آئے ۔