عیدالاضحی پرکوروناپھیلنے کا خطرہ،سخت ایس اوپیز جاری
ہائی رسک سیکٹرز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں،این سی او سی

اسلام آباد( ویب  نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے عید الاضحی پر کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے پر سخت ایس او پیز جاری کر دیئے ۔پاکستان کرونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی)نے ڈیلٹا وائرس کے خطرناک نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر کورونا پھیلائو کے خطرات لاحق ہیں۔این سی او سی نے کہا کہ تمام ہائی رسک سیکٹرز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں جبکہ ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں ہوٹل بکنگ کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ۔ ریسٹورنٹس، جم، سینما گھر اور شادی ہالز کیلئے بھی ویکسی نیشن کارڈ لازمی ہونگے۔این سی او سی نے صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیلئے تفصیلی ہدایات جاری کردی ہیں۔ مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے بھی احکامات جاری کیے گئے ۔ ضلعی انتظامیہ کیلئے تفصیلی چیک لسٹس جاری کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کیلئے بھی تفصیلی چیک لسٹس جاری کر دی گئیں۔صوبے اپنی اپنی شرح کے لحاظ سے ایس او پیز پر عمل درآمد کے مجاز ہونگے۔عید الاضحی کے موقع پہ وبا کے پھیلا ئوکی صورت میں، غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن پر عمل درآمد کا فیصلہ کورونا کے پھیلا ئوکو مدنظر رکھ کر آئندہ چند دن میں کیا جائے گا۔