افغانستان نے اسلام آباد سے اپنا سفیراور سفارتی عملہ واپس بلالیا
افغانستان کاوفدپاکستان کا دورہ کر کے صورتحال پر تبادلہ خیال کرے گا،افغان وزارت خارجہ

اسلام آباد(ویب  نیوز) افغانستان نے پاکستان میں تعینات سفیرنجیب اللہ علی خیل کوسفارتی عملے سمیت واپس بلالیا ۔افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے افغان صدر اشرف غنی نے اسلام آبادسے افغان سفیرنجیب اللہ علی خیل اور سفارتی عملے کو واپس بلایا جبکہ افغان سفیراورسفارتی عملے کوسیکیورٹی کے معاملے پر واپس بلایاگیا۔افغان وزارت خارجہ نے بتایا کہ افغانستان کاوفدپاکستان کا دورہ کر کے صورتحال پر تبادلہ خیال کرے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ذرائع کے مطابق حکام 16جولائی کو افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آئے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جبکہ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔افغان وزارت خارجہ نے بیان میں پاکستان سے سفارتی عملے کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا تھا اور بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ یہ عالمی سازش ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنڈا ہے۔