اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان بزنس کونسل کے صدر احمد شیخانی کے مطابق دبئی میں تقریبا 73 پاکستانی تاجروں نے متحدہ عرب امارات کا 10 سالہ گولڈن ویزا حاصل کرلیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان بزنس کونسل(پی بی سی)کے ممبران نے گولڈن ویزا کے لیے 250 سے زیادہ درخواستیں جمع کروائی ہیں اور تقریبا 73 افراد نے گولڈن ویزا حاصل کیا ہے۔پاکستان بزنس کونسل(پی بی سی)کے صدر احمد شیخانی نے بتایا کہ پاکستان بزنس کونسل نے دبئی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے پہل کی ہے۔اب تک متحدہ عرب امارات کے سیکڑوں تارکین وطن کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو گولڈن ویزا دیا گیا ہے جن میں ڈاکٹر، انجینئر، طلبا، تاجر، فنکار، میڈیا پرسن اور دیگر افراد شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات نے رواں ماہ کے آغاز میں احمد شیخانی کو گولڈن ویزا دیا تھا۔اس حوالے سے احمد شیخانی نے کہا کہ میں گولڈن ویزا کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور حکام کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم ہر دو سال میں ویزا درخواستوں پر وقت گزارنے کے بجائے کاروبار پر توجہ دے سکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی جو گولڈن ویزا کے اہل ہیں، انہیں متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ گولڈن ویزا رکھنے والوں کے لیے سفری پابندیاں نہیں ہیں۔