اسلام آباد (ویب ڈسک)

دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی مانٹ ایورسٹ سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرلی جس کے بعد وہ کے ٹو سر کرنے والے بھی سب سے کم عمر پاکستانی کوہ پیما بن گئے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہروز کے والد سلمان کاشف نے کہا کہ شہروز نے منگل کی صبح  8 بج کر 10 منٹ پر کے ٹو سر کی اور ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔شہروز کاشف کے والدنے کہاکہ شہروز نے 2 ماہ قبل دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ سر کی تھی اور شہروز کے ٹو سر کرنے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ۔ سلمان کاشف نے بتایا کہ شہروز 11 سال کی عمر سے پہاڑوں کو سر کرنے کا شوق رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بطور والدین اب ہم عادی ہوگئے ۔والد کے مطابق شہروز کو پہاڑوں پر جانے کا شوق ان کے ساتھ گئے آفس ٹرپ کے دوران ہوا اور اسی دوران شہروز نے پہلی بار کسی پہاڑ پر جانے کی خواہش کی جسے گائیڈ کے ساتھ کر بھیج کر پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ شہروز نے ایک سال میں دو مختلف اور دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کرکے ایک منفرد ریکارڈ قائم کردیاہے۔