وزیر مواصلات کی اسلام آباد میں نیشنل کرکٹ گرائونڈ میں میڈیا سے بات چیت

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی دبائو کو مسترد کرتے ہوئے کشمیر سپر لیگ میں حصہ لینے  کا فیصلہ کرنے والی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھا ہے ، ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ہفتہ کو نیشنل کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں پہلے جشن آزادی میڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ممتاز صحافی حامد میر سمیت اسلام آباد کی مختلف سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ مراد سعید نے کہاکہ کشمیر سپر لیگ کے حوالے سے  اہم کھیل دیکھنے کو ملے گا ۔ مودی سرکار نے  کے ایس ایل کیخلاف سازش کی مگر جن کھلاڑیوں نے دبائو کو مسترد کرتے ہوئے  کے ایس ایل میں  حصہ لینے کا فیصلہ کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی عزائم آئندہ بھی ناکام ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ کی طرح کشمیر سپر لیگ بھی کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے  بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان خود بھی کھلاڑی رہے ہیں اور چاہتے ہیں نوجوانوںکی  صلاحیت کو فروغ ملے ۔ جشن آزادی میڈیا ٹورنامنٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی  ٹیم کا اہم میچ ہوگا اس میں سیاست سے بالاتر ہوکر کھلاڑی شامل ہیں جس میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان بھی شامل ہیں یہ وہی پارلیمنٹرین کی ٹیم ہے جس نے  دو سال قبل برطانیہ میں پارلیمنٹرین کے ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کی اور کپ لے کر آئے۔ دریں اثناء مراد سعید نے پہلے جشن آزادی میڈیا ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔ ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کا تعلق مختلف ٹی وی چینلز سے ہے۔ یوم آزادی  14اگست کے موقع پر فائنل میچ ہوگا جیتنے والی ٹیم کو 5 لاکھ کا نقد انعام جبکہ  رنر اپ ٹیم کو اڑھائی لاکھ روپے  کا نقد انعام دیا جائے گا۔ ہر میچ کے مین آف دی میچ کو اسی روز پانچ ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔