پارلیمانی طریقے سے حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ کشمیر میں دھاندلی  کو بے نقاب کریں گے
اپوزیشن عدم اعتماد کیلئے ایک پیج پر آئی تو حکومت چلی جائے گی۔پریس کانفرنس

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں بھارت جیسی کوروناصورتحال ہوئی تو وزیراعظم ذمہ دار ہوں گے کورونا سے متعلق سندھ حکومت کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر بھارت کی طرح  صوبہ سندھ اور کراچی میں کورونا کی صورتحال ہوئی تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم اور اس کے وزراء ہوں گے جو اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں ۔ کراچی میں کیسز کی شرح 30 فیصد سے زائد ہوچکی ہے ۔ ڈیلٹا ویرینٹ بہت خطرناک ہے ۔ وفاقی حکومت خیال کرنے کے بجائے ہم پر تنقید کررہی ہے ۔ جب بھارت میں کورونا عروج پرتھا تو حکومت نے سکھوں کیلئے بارڈر کھولااس کی وجہ سے ڈیلٹا وائرس  پاکستان میں داخل ہوا۔ کم وسائل کے باوجود ہم نے کئی مسائل دور کیے ہیں۔ یہ خود کچھ کرنا چاہتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں ، سندھ میں  لاک ڈائون  پر سیاست کررہے ہیں۔ قدرتی آفات میں جہاں بھی نقصان ہوا خان صاحب نے وہاں عوام کو لاوارث چھوڑا۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی طریقے سے حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ کشمیر میں دھاندلی کو بے نقاب کریں گے ہم نے دھاندلی کے باوجود 11 سیٹیں آزاد کشمیر میں جیتیں۔ پیپلزپارٹی نے 5  سال ن لیگ اور 3 سال تحریک انصاف کا مقابلہ کیا ہم ہر کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کریں گے۔ آزاد کشمیر کا وزیر پیسے بانٹ رہا ہے اور الیکشن کمیشن نے کچھ نہیں کیا۔ میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگرہم عوام کے سامنے اپنا موقف پیش کریں تو وہ جمہوریت  اور ملک و قوم کیلئے بہتر ہوگا جوکچھ  ہمارے سامنے ہورہا ہے یہ پہلی دفعہ نہیں تیسری دفعہ ہورہا ہے سب کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے تاریخ کو دھرانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ہمیں ترقی پسند قوتوں کے ساتھ چلنا چاہیے  ہمیں دہشت گردوں جوظلم اور جبر کی بنیاد پر  اپنے پیغام کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں اس کی مذمت کرنی چاہیے اور رد کرنا چاہیے۔ہمیں اپنے نوجوانوں کو ترقی پسند بنانے پر کام کرنا چاہیے۔ سرحد پار دہشت گردی اور تشدد کی بنیاد پر جو  اسٹینڈ کررہے ہیں پاکستان نے پہلے بھی اس ایشو پر بہت نقصان اٹھایا ہے اگر ہم نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے تو مزید نقصان اٹھاسکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ ہماری کوشش ہے جتنا جلدی ممکن ہوسکے اس نالائق نا اہل اور ناجائز حکومت سے عوام کو نجات دلائی جائے۔ اپوزیشن عدم اعتماد کیلئے ایک پیج پر آئی تو حکومت چلی جائے گی۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر بھرپور اپوزیشن کیلئے تیار ہے۔ جیالوں کو پکڑنے کی کوشش ہم بالکل برداشت نہیں کریں گے۔ چوہدری یاسین پر حملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پھر کہتا ہوں حکومت کی غلط پالیسیوں سے بھارت کورونا ویرینٹ پھیلا ۔ کورونا کے مقابلے  پر وفاقی حکومت کارویہ سنجیدہ نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اگر ہم مل کر کام کریں تو پنجاب سے بزدار کو بھگا سکتے ہیں،تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔