کراچی (ویب ڈیسک)

جولائی 2021کے مہینے میں سیمنٹ سیکٹر کی شرح نمو منفی 19.41فیصد رہی۔ جولائی 2021میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.899ملین ٹن رہی جبکہ جولائی 2020میں سیمنٹ کی فروخت 3.838ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔ مون سون کی بارشوں اور عید الالضحی کی تعطیلات کے دوران تعمیراتی سرگرمیاں نہ ہونے سے سیمنٹ کی طلب میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی2021میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.446ملین ٹن رہی جو جولائی 2020کی فروخت 3.953ملین ٹن سے 12.8فیصد کم رہی۔ جولائی 2021کے مہینے میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 49فیصد غیرمعمولی کمی کا سامنا کرناپڑا جولائی 2021میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 4لاکھ52ہزار776ٹن رہی جبکہ جولائی 2020میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 8لاکھ85ہزار255ٹن ریکارڈ کی گئی تھی ۔ سیمنٹ کی فروخت میں کمی کا زونز کے لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو ملک کے شمالی علاقے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 15.81فیصد کمی سے جولائی 2021کے دوران 2.892ملین ٹن رہی جبکہ جولائی 2020 میں شمالی علاقوں کی مقامی طلب 3.435ملین ٹن رہی تھی۔ شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے جولائی 2021کے دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ 10.42فیصد اضافہ سے ایک لاکھ35ہزار618ٹن رہی جبکہ جولائی 2020کے مہینے میں شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں نے ایک لاکھ22ہزار823ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی تھی۔ ملک کے جنوبی حصوں میں واقع سیمنٹ فیکٹریوں سے جولائی 2021 کے دوران مقامی مارکیٹ میں 5لاکھ 54ہزار 442ٹن سیمنٹ فروخت کی جو جولائی2020میں فروخت کی جانے والی 5لاکھ 17ہزار 850ٹن کی فروخت سے 7.07فیصد کم رہی۔ جنوبی حصوں میں واقع سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی فروخت جولائی 2021کے دوران 58.40فیصد کی غیرمعمولی کمی کے ساتھ 3لاکھ 17ہزار159ٹن رہی جبکہ جولائی 2020کے دوران جنوبی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں نے 7لاکھ  62ہزار 432ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی تھی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے سیمنٹ کی فروخت میں کمی کو تشویشناک قرار دیا تاہم اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آنے والے مہینوں میں حکومت کی تعمیراتی شعبہ کے لیے معاون پالیسیوں کی مدد سے سیمنٹ سیکٹر نمو کا تسلسل بحال کرلے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام میں شامل پراجیکٹس کے لیے فنڈز پیشگی ریلیز کیے جانے کی وجہ سے یہ منصوبے پوری رفتار سے آگے بڑھ رہے۔