علما اور میڈیا لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں تعلیم دیں ،اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہی ہے اورمذہب اسلام بھی اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طورپرتسلیم کرتا ہے۔صدرمملکت عارف علوی نے اقلیتوں کے دن کے موقع پرقوم کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان 11 اگست کا دن اقلیتوں کی تعلیم ، عدلیہ ، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں مناتا ہے، اقلیتوں نے ملک کی سماجی اورمعاشی ترقی میں قابل تعریف کردار ادا کیا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کوآئین پاکستان کے تحت ضمانت کردہ تمام سیاسی ، معاشی اورسماجی حقوق حاصل ہیں۔صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی کی نگرانی کیلئے قومی اقلیتی کمیشن کی تشکیل کی، حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہی ہے، میثاقِ مدینہ میں بھی تمام مذہبی گروہوں کو یکساں مذہبی اور سیاسی حقوق کی ضمانت دی گئی تھی، ہمارا مذہب اسلام بھی اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی اقلیتوں کے مذہبی ، سماجی ، سیاسی اور معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اقلیتی برادریوں کے طلبا اور ممبران کی تعلیم ، عبادت گاہوں کی دیکھ بھال کے لیے گرانٹ ، مالی امداد کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ علما اور میڈیا لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں تعلیم دیں۔