اسلام آباد (ویب نیوز )

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوس پر شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوس پر آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ وادی میں محرم کےجلوسوں پرپابندی مسلمانوں کےجذبات کی توہین ہے، بھارتی اقدام کشمیریوں کے بنیادی حق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے،بھارت ظلم سےکشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو نہیں دباسکتا۔

زاہد حفیظ نے کہا کہ قابض افواج نے جلوس سےدرجنوں کشمیریوں کوحراست میں لیا اور جلوس کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر بھی لاٹھی چارج کیا۔

واضح رہے کہ آج بھارتی فوج نےمقبوضہ کشمیر میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محرم الحرام کا جلوس نہ نکلنے دیا اور عزاداران کو بدترین تشدد بنایا جبکہ نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا تھا۔

اس موقع پر موجود میڈیا نمائندگان نے کوریج کرنے کی کوشش کی تو بھارتی فورسز کی جانب سے صحافیوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اورکیمرے توڑدیئے گئے۔

دوسری جانب حریت رہنما کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد ہے، بھارتی فوج نےلوگوں کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں مذہبی رسومات پر پاپندی عائد نہیں ہوتی، بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا، کشمیریوں کو اپنی مرضی سے سانس لینے کا حق بھی نہیں۔