آسٹریلیا کی وزیر خارجہ ماریس پین نے سفارتی اہلکاروں کے انخلا میں معاونت کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا

وزرا ء خارجہ کادونوںممالک کے درمیان روابط کی موجودہ کیفیت پر اطمینان کا اظہار ، اعلی سطح رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے آسٹریلیا کی وزیر خارجہ ماریس پین نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزراء خارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں سلامتی، استحکام اور اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیہ کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان کے عوام کے ساتھ عالمی برادری کا رابطہ بحال رکھنا اور درپیش انسانی صورتحال سے نمٹنے میں ان کی مدد اور معاشی معاونت کی فراہمی نہایت اہم ہے۔وزیر خارجہ نے افغانستان سے سفارتی اہلکاروں، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر افراد کے انخلامیں سہولت کاری کی پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ ماریس پین نے اس ضمن میں معاونت کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کی بے حد قدر کرتا ہے اور دونوں ممالک کا سیاسی، معاشی اور ثقافتی سمیت متعدد امور پر اشتراک عمل استوار ہے۔دونوںممالک کے درمیان روابط کی موجودہ کیفیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں وزرا خارجہ نے اعلی سطح رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔