سری نگر (ویب ڈیسک)

قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی وفات کے بعد ہفتے کو بھی مقبوضہ کشمیر میں صورت حال کشیدہ رہی۔ مقبوضہ کشمیر بھر میں پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سری نگر میں سید علی گیلانی کی قبر پر بھارتی فوج کا پہرہ ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق حیدر پورہ کے  قبرستان کے گرد و نواح میں فورسز اہلکاروں کا سخت پہرہ ہے اور کسی بھی شہری کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ ۔قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی شاہ گیلانی  بدھ کی رات حیدر پورہ میں اپنے گھر میں دورن نظر بندی  انتقال کر گئے تھے ۔ بھارتی فورسز نے  شاہ گیلانی کی میت  چھین کر رات کے اندھیرے میں ہی  تدفین کر دی تھی  تدفین کے عمل میں  چند لوگوں کو شامل ہونے کی اجازت دی گئی تھی ۔ ادھر گزشتہ روز نماز جمعہ  کے موقع پرتمام بڑی مساجد  بند رہیں ان مساجدکے قریب فورسز کو تعینات کر دیا گیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے چھوٹے مقامات پر سید علی گیلانی کے لیے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔  سری نگر میںہزاروں پولیس اہلکار اور فوجی سڑکوں پر گشت کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو گھر کے اندر رکھا جا سکا۔