لاہور  (ویب ڈیسک)

وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ نجی سکولز کو اپنا نصاب پڑھانے سے نہیں روکا،نجی سکولز جو نصاب پڑھا رہے ہیں ان کی این او سی لیں ۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نجی سکولز میں جو نصاب پڑھایا جا رہا ہے اس کی این او سی کی بات کی ہے کیونکہ نجی سکولز میں سرکاری نصاب نہیں پڑھایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے والدین کو مطمئن کرنا اہم ہے جبکہ نجی سکولز کو ان کے اپنے نصاب پڑھانے سے نہیں روکا اور صرف ہم نے یہ کہا ہے کہ نجی سکولز جو نصاب پڑھا رہے ہیں ان کی این او سی لیں۔انہوں نے کہا کہ نصابی کتابوں پر تصاویر کو متنازع نہ بنایا جائے ،ہمارے ملک میں 10 قسم کے نصاب پڑھائے جا رہے تھے جبکہ دنیا کے اکثر ممالک میں ایک ہی نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنرل نالج کو اردو میں رکھا ہے اور ہم تعلیمی اداروں میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے وقت لگے گا لیکن نتائج اچھے ہوں گے۔