پشاور (ویب ڈیسک)

بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے اضافی ویکسین اب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں دستیاب ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مقرر کردہ معیار کے مطابق بارہ سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کوئی بھی مخصوص اضافی خوراک لگانے کے اہل ہیں۔ ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ویکسی نیشن سنٹر میں بوسٹر ویکسین (اضافی خوراک) کے لیے اضافی کاؤنٹرز لگا دیئے گئے ہیں جو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ ہر وہ شخص جو کام، کاروبار، مطالعہ، سیاحت، سرکاری امور، حج و عمرہ کرنے کی غرض سے سفر کرتا ہے وہ سفری دستاویزات دکھا کر بوسٹر ویکسین لگا سکتا ہے۔ بوسٹر ویکسین لگوانے والے افراد کے پاس پاسپورٹ، ویزہ اور ڈپازٹ فیس1270 روپے فی خوراک کی رسید کا ہونا ضروری ہے۔ ڈیپازٹ فیس نیشنل بینک آف پاکستان کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔ہسپتال ترجمان کے مطابق اب تک 1589 بوسٹر دوز لگائی جا چکی ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پوسٹر ویکسی نیشن کے لئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے علاوہ سوات، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان میں سنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں نا صرف بوسٹر ویکسین بلکہ کورونا کی باقی ویکسی نیشن کا عمل بھی مزید آسان کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ویکسین لگانے کے لیے آنے والے افراد کو ہر ممکن سہولت دی جا سکے۔اب 15 سے 17 سال کے افراد فائزر ویکسین لگانے کے اہل ہیں ۔ اگر کوئی بھی ادارہ، اسکول، کالج یا یونیورسٹی ایک سے زائد طلباء و طالبات یا ملازمین کو ویکسین لگوانا چاہتے ہیں تو وہ ہسپتال کے نمبر 0919217140 ملا کر 329 ملا کررجسٹریشن کر سکتے ہیں۔