پگورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے نوٹس لئے جانے کے باوجود بھی پشاورمیں سوئی گیس کا مسئلہ جوں کا توں ہے

پشاور( ویب  نیوز)

سردی شروع ہوتے ہی پشاور میں سوئی گیس کے بدترین بحران نے جنم لے لیا جبکہ کم پریشر سمیت لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔جمعہ ،ہفتہ اور اتوار شہر کے بیشتر علاقے گیس سے مکمل محروم رہنے لگے جبکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع کر دیاگیا ہے جس سے گھریلو اور کمرشل سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق  شہر کے تقریباً سبھی علاقے سردی شروع ہوتے ہی سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں جبکہ کم پریشر کی شکایات بھی عام ہور ہی ہیں ۔اندرون شہری علاقے ہشت نگری،لاہوری وارڈ،کریم پورہ،گاڑی خانہ،فقیر آباد،حسین آباد،نشتر آباد،سکندر پورہ،گنج،کوہاٹی،رامداس،بیرسکو،یکہ توت،گلبہار،سول کوارٹر سمیت شہربھر میں صبح سے رات تک سوئی گیس کا کم پریشر جہاں معمول بن گیا ہے وہیں ہفتے میں تین دن جمعہ،ہفتہ اور اتوار کے دن سوئی گیس نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اور ان تین دنوں کے دوران ایل پی جی کی دکانوں پر بھی رش بڑھ جاتا ہے جس کے باعث ایل جی پی گیس اور سلنڈر کی قیمتو ں میں بھی ہوشربا اضافہ کر دیاگیا ہے ۔فی کلو گیس 200روپے سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مختلف سلنڈرز کی قیمتوں میں بھی 500سے1000روپے تک اضافہ کیاگیا ہے ۔دوسری جانب شہری علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ بھی شروع کر دی گئی ہے اور صبح سے لیکر رات تک وقفے وقفے سے بجلی کی آنکھ مچولی سمیت طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔اندرون شہری علاقوں میں صبح 7 سے لیکر دوپہر2بجے اور بعض دنوں میں صبح 8بجے سے شام 4بجے تک لوڈشیڈنگ نے تمام کاروبار کو بھی تباہ کر کے رکھ دیا ہے جبکہ گھریلو امور بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔شہریوں نے بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ عوام کی جانب سے بھر پوراحتجاج کے باوجود اور گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے نوٹس لئے جانے پر بھی شہر سے گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تا حال حل نہیں کیا جا سکا ہے۔