دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلبا کو پاس کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب  نیوز) وفاقی حکومت نے دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلبا کو پاس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیمی کانفرنس کا اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلبہ کو پاس کیا جائے گا کیونکہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث فوری طور پر امتحانات لینا ممکن نہیں ہے۔ فیل ہونے والے طلبا کو رعایتی 33 نمبرز دے کر پاس کیا جائے گا۔ اہم اعلان سندھ حکومت کے فیصلہ کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔ذرائع کے مطابق میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کی امتحانات سال میں 2 بار ہوں گے، امتحانات کو سپلیمنٹری امتحانات کا نام نہیں دیا جائے گا، آئندہ سال میٹرک امتحانات مئی، جون میں ہوں گے، آئندہ سال نیا سیشن اگست سے شروع ہو گا۔